کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط پشتون آباد علاقائی کانفرنس کا بند اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں گزشتہ تین سالہ تنظیمی و سیاسی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ سابقہ علاقائی سیکرٹری نے پیش کی، جس کا مندوبین نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر منظوری دی۔کانفرنس میں نئے علاقائی ایگزیکٹو کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے تحت نعمت اللہ خان علاقائی سیکرٹری، سید نور خان اچکزئی سینئر معاون سیکرٹری جبکہ حاجی عبدالرحیم الکوزئی ، صادق خان اچکزئی، حاجی عبدالمنان درانی، حاجی امین اللہ کاکڑ، نظر محمد بادیزئی ، ملک منصور خان سیگئی، مظلوم یار اچکزئی، داود خان کاکڑ اور کلیم اللہ ترین معاونین منتخب ہوئے۔ نو منتخب ایگزیکٹو سے پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے حلف لیا۔کانفرنس کے کھلے اجلاس سے پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، مرکزی سیکرٹری چیئرمین اللہ نور خان، صوبائی آفس سیکرٹری ندا محمد سنگر، پروفیسر اسد خان ترین، رحمت اللہ صابر، عبیداللہ توخی ، عبدالرزاق خان بڑیچ ،حیات خان اچکزی نے خطاب کیا، جبکہ اجلاس کے نظارت کے فرائض نور آغا دورانی نے سرانجام دیے۔علاقائی کانفرنس میں پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹو کے اراکین فیاض خان، محمود ریاض، عنایت اللہ خان اچکزئی اور باز پشتون نے شرکت کی۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری ایوب صاحب نے حاصل کی۔ اس موقع پر ضلع معاونین سید عبداللہ آغا، عصمت اللہ ترین، محمد صدیق مشوانی اور دیگر پارٹی رہنما و کارکن بھی موجود تھے۔مقررین نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر پشتون آباد کے سابقہ علاقائی ایگزیکٹو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تنظیمی و سیاسی خدمات کو سراہا اور نومنتخب علاقائی سیکرٹری و ایگزیکٹو کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پشتون آباد پارٹی کا ایک تاریخی اور اہم سیاسی و تنظیمی مرکز رہا ہے، جہاں سے پارٹی کی تنظیمی جدوجہد کا آغاز ہوا۔ جنرل ضیاء الحق کی فوجی آمریت کے بعد پارٹی کی پہلی بنیادی تنظیمی یونٹ بھی پشتون آباد میں قائم ہوئی، جس میں ارواشاد اور پارٹی کے رہنماؤں بابا افغان عبدالرحیم خان مندوخیل، ملی مبارز عبدالرزاق خان دوتانی ، ملی شہید عثمان خان کاکڑ سمیت دیگر اکابرین نے بنیادی کردار ادا کیا۔ پشتون آباد سے شروع ہونے والی یہ سیاسی و تنظیمی جدوجہد آج ایک مضبوط قومی، جمہوری اور عوامی سیاسی قوت کی صورت میں پورے پشتونخوا وطن میں موجود ہے۔مقررین نے کہا کہ آج اسلام آباد اور لاہور کے حکمرانوں نے پشتونخوا وطن پر دہشت گردی، بدامنی، معاشی استحصال اور محرومیوں کا سلسلہ مسلط کر رکھا ہے، جبکہ دوسری جانب ہمارے قومی معدنی وسائل پر قبضے اور ان کی لوٹ مار کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں منعقد ہونے والا انٹرنیشنل منرل انویسٹمنٹ فورم اس سلسلے کی واضح مثال ہے، جس کا مقصد پشتونخوا وطن کے قیمتی معدنی وسائل پر عوامی حق کو نظرانداز کرتے ہوئے استحصالی معاہدوں اور سرمایہ کاری کے ذریعے ان وسائل پر اختیار حاصل کرنا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پشتونخوانیپ عوام کی واحد امید اور قومی حقوق کے تحفظ کی توانا آواز ہے، جس سے عوام یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ پشتونخوا وطن کے وسائل، قومی خودمختاری اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کرے گی۔ پارٹی اسلام آباد میں منعقدہ منرل انویسٹمنٹ فورم کے فیصلوں اور اس کے تحت ہونے والے کسی بھی ایسے معاہدے کو یکسر مسترد کرتی ہے جو پشتونخوا وطن کے عوام کے مفادات کے خلاف ہو۔ اس کانفرنس میں شریک سرمایہ کار کمپنیوں کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ یہاں کے عوام کی مرضی اور مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے معدنی وسائل کی لوٹ مار میں شریک ہوں۔ اسی طرح فارم 47 کے ذریعے قائم ہونے والی حکومتوں کو بھی یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ پشتونخوا وطن کے معدنی وسائل کا سودا کریں یا ان پر عوام کے حق کو پامال کریں۔مقررین نے پشتونخوا وطن میں جاری دہشت گردی، بدامنی، تجارت کی بندش، اغوا برائے تاوان اور عوام کو درپیش دیگر سنگین مسائل کے خلاف آل پارٹیز کی جانب سے 19 نومبر بروز جمعرات صوبے بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوانیپ اس مشترکہ جدوجہد کا اہم حصہ ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ 19 نومبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور تمام اضلاع میں عوام، تاجروں اور سیاسی کارکنوں کو اس احتجاج میں شریک کریں۔کانفرنس کے شرکا اور مندوبین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشتون آباد میں پارٹی کی تنظیم کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنایا جائے گا، عوام کے ساتھ رابطوں کو وسعت دی جائے گی اور قومی، سیاسی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو پارٹی میں شامل کرکے تنظیمی قوت میں اضافہ کیا جائے گا۔
پشتون آباد پارٹی کی تاریخی تنظیمی جدوجہد کا اہم مرکز رہا ہے، نصراللہ خان زیرے

ٹیگز:
نصراللہ خان زیرے
