کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے۔ صوبے کے وسائل صوبے ہی میں استعمال ہونگے۔ وفاق بلوچستان سمیت کسی کے حقوق استمعال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ سے دبئی فلائٹ کے افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی انھوں نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی وفاق کی سب سے اولین ترجیح ہے۔ ریکوڈک کاپر گولڈ مائینز کیس پر بلوچستان اسمبلی ارکان کو ان کیمرہ بریفینگ صوبائی حکومت کا اچھا قدم ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آئیندہ تین سے چار ماہ میں قیمتیں کم ہوجائیں گی۔ وزیراعظم کی قیادت میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حج فلائیٹ کے بعد کوئٹہ سے دبئی کیلئے بھی پی آئی اے نے انٹرنیشنل فلائیٹ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔جلد ہی ایران کیلئے بھی آپریشن شروع کیا جائے گا۔ کورونا وبا سے دنیا بھر میں ائر لائنز انڈسٹری متاثر ہوئی۔ لیکن ہم نے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہاکہ افغانستان میں اقتدار کی منتقلی کے بعد غیر ملکیوں کا کابل سے انخلا ہو یا کورونا وبا کے دوران پاکستانیوں کی وطن واپسی قومی ائیر لائن نے ثابت کیا ہے کہ پی آئی اے ہمارا فخر ہے۔ کوئٹہ دبئی فلائیٹ آپریشن بلوچستان کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ فلائیٹ آپریشن کے آغاز کے بعد اب عوام کا ایک اور مطالبہ پورا کردیا گیا۔ تقریب میں پی آئی اے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے، قاسم خان سوری

ٹیگز:
قاسم خان سوری
