گوجرانوالہ (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے گوجرانوالہ میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کبھی صنعت، ہنر، محنت اور ترقی کا شہر تھا، مگر نسل در نسل اقتدار پر قابض حکمرانوں کی نااہلی اور عدم توجہی نے اس عظیم شہر کو بنیادی سہولیات سے محروم اور ترقی کے سفر میں پیچھے دھکیل دیا ہے۔ گوجرانوالہ کی بیٹی کی حیثیت سے آج اپنے شہر میں کھڑی ہوں تو دل یہ سوال کرتا ہے کہ وہ شہر کہاں گیا جہاں بہترین تعلیم، صنعت اور ہنرمندی کی مثالیں دی جاتی تھیں؟انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے بیٹوں اور بیٹیوں نے آج اپنے بھرپور اجتماع سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ظلم، ناانصافی اور فرسودہ حکمرانی کے ضابطے ماننے کے لیے تیار نہیں۔ یہ جلسہ اس امر کا اعلان ہے کہ عوام حکمرانوں کی پالیسیوں سے مطمئن نہیں اور اب اپنے حقوق کے لیے میدان میں آ چکے ہیں۔ثمینہ سعید نے کہا کہ گوجرانوالہ صنعت کاروں اور ہنرمندوں کا شہر تھا، یہاں کا کاریگر کسی مشینری کو دیکھ کر اسی معیار کی مشین تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا اور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں تک پہنچتی تھیں، مگر آج اس شہر کے نوجوان روزگار، معیاری تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع سے محروم ہیں۔ حکمرانوں نے اگلی نسل کو اقتدار منتقل کرنے کی منصوبہ بندی تو کی، مگر گوجرانوالہ کی اگلی نسل کے مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ آج غریب خاندان دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں، اپنے بچوں کو تعلیم دلانے اور انہیں کوئی ہنر سکھانے کے وسائل نہیں رکھتے، جبکہ اشرافیہ کے لیے مراعات اور عیاشیوں کے دروازے کھلے ہیں۔ حکمرانوں نے دو پاکستان بنا دیے ہیں؛ ایک وہ جہاں اشرافیہ کے لیے سہولتیں اور آسائشیں ہیں اور دوسرا وہ جہاں غریب صاف پانی، اچھی تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات تک کو ترس رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی صرف ایک ٹیکس نہیں بلکہ مہنگائی کی پوری زنجیر کا ایک اہم حصہ ہے۔ جب پیٹرول مہنگا ہوتا ہے تو اس کا اثر گھر کے چولہے سے لے کر بچوں کی تعلیم تک پہنچتا ہے۔ کسی ماں کے لیے بچوں کی فیس ادا کرنا مشکل ہو جاتا ہے، کسی بچی کی تعلیم رک جاتی ہے، آٹا، چاول، سبزیاں اور روزمرہ کی ہر ضرورت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی چلی جاتی ہے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ حکمران عوام سے ٹیکس اور لیوی وصول کرنے میں تو تیزی دکھاتے ہیں، لیکن عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ان کی کارکردگی صفر ہے۔ جو حکومت عوام سے اربوں روپے وصول کرے مگر انہیں تعلیم، صحت، صاف پانی، روزگار اور بہتر شہری سہولیات نہ دے، اسے اپنی ترجیحات کا جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے عوام میں جو شعور بیدار کیا ہے، اب اسے دبایا نہیں جا سکتا۔ لیوی صرف عنوان ہے، اصل مسئلہ ظالمانہ نظام اور عوام دشمن حکمرانی ہے۔ جب امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر ہر گلی، محلے، بازار اور شہر سے عوام نکلیں گے تو حکمرانوں کو عوام کی طاقت کا اندازہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پچیس کروڑ عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ ایک دیانت دار اور سچی قیادت کے ساتھ مل کر عوام کو پیٹرولیم لیوی، ظالمانہ ٹیکسوں اور آئی پی پیز کے بوجھ سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اب فیصلہ صرف حکمرانوں نے نہیں کرنا، عوام نے بھی کرنا ہے کہ انہیں مراعات یافتہ طبقے کا پاکستان چاہیے یا ایسا پاکستان جہاں ہر شہری کو عزت، انصاف، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات میسر ہوں۔ثمینہ سعید نے گوجرانوالہ کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔ یہ گوجرانوالہ کی بیداری کا اعلان ہے، یہ عوام کے حقِ حکمرانی کی آواز ہے اور یہ پیغام ہے کہ محرومیوں کے اس شہر کو دوبارہ صنعت، ہنر، تعلیم اور ترقی کا شہر بنانا ہوگا۔ اس موقع پر ناظمہ وسطی پنجاب نازیہ توحید ، نائب ناظمہ راشدہ ںشاہین ،ناظمہ ضلع گوجرانوالہ نازیہ عبد الستار، نائب ناظمہ تہمینہ عارف ،نائب ناظمہ فاطمی عبد الستار بھی موجود تھیں
گوجرانوالہ کو کھنڈر بنانے والے حکمرانوں سے حساب لیا جائے گا، عوام اب خاموش نہیں رہیں گے: ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
