کوئٹہ (این این آئی)گوادر میں پاک ایران سرحد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل لاجسٹک سیل کے چار ملازمین جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز گوادر کی تحصیل جیونی سے تقریباً 60 کلومیٹر دور پاک ایران سرحد پر بارڈر پوسٹ نمبر 250 کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے ایک پک اپ گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس میں سوار چاروں افراد پنجاب کے ضلع لیہ کے چک نمبر 132 کے رہائشی 24 سالہ غلام مصطفیٰ ولد ریاض حسین اور ضلع شیخوپورہ کے 34 سالہ صنم مسیح ولد سلیم،36 سالہ کنول شہزاد ولد دلشاد احمد ٹیچر کالونی، نواں کلی کوئٹہ اور 26 سالہ دانش اقبال ولد فلک ناز سکنہ غنڈی کلی، تخت نصرتی، ضلع کرک خیبرپختونخوا جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے بعد ازاں گاڑی کو آگ لگا کر تباہ کر دیا۔پولیس کے مطابق مقتولین نیشنل لاجسٹک سیل(این ایل سی) کے ملازمین تھے اور ان کے پاس بھاری رقم موجود تھی جسے حملہ آور لوٹ کر لے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے جو مبینہ طور پر حملہ آوروں سے رہ گئی۔موٹرسائیکل کو تحویل میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
گوادر میں پاک ایران سرحد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل لاجسٹک سیل کے چار ملازمین جاں بحق

ٹیگز:
گوادر
