لاہور (ڈیلی گرین گوادر) قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے عوامی مسائل، مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف خواتین کے کامیاب دھرنے پر پنجاب بھر سے آنے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین نے اپنی بھرپور شرکت سے ثابت کر دیا کہ وہ عوامی مسائل سے لاتعلق نہیں اور اپنے خاندانوں کے حقوق کے لیے ہر پُرامن جمہوری جدوجہد میں صفِ اوّل میں کھڑی ہیں۔ثمینہ سعید نے گجرات، فیصل آباد اور دیگر مختلف اضلاع میں پولیس کی جانب سے دھرنے میں شرکت کے لیے آنے والی خواتین کی گاڑیوں کو روکے جانے کے واقعات پر شدید غم و غصے، مذمت اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پُرامن خواتین کو اپنے جمہوری اور آئینی حق کے استعمال سے روکنا انتہائی افسوس ناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے خواتین کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، بلکہ عوام کے اندر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا جذبہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔قائم مقام سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وسطی پنجاب کے صرف چند اضلاع کی مدد اور بھرپور شرکت کے باوجود دھرنے میں خواتین کی شاندار حاضری ان کے عزم، شعور اور تنظیمی قوت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے ناظمہ صوبہ شمالی پنجاب، ناظمہ صوبہ وسطی پنجاب، ناظمہ حلقہ لاہور، متعلقہ ناظماتِ اضلاع، ذمہ داران، کارکنان اور ارکان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ سبکی محنت، قربانی اور بہترین تنظیمی کاوشوں نے اس جدوجہد کو کامیاب بنایا۔ثمینہ سعید نے کہا کہ آج لاہور بھر کی خواتین دھرنے میں بھرپور شرکت کرکے عوامی طاقت کا شاندار مظاہرہ کریں گی۔ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے گھروں اور خاندانوں کو درپیش مہنگائی، بڑھتے ہوئے پیٹرولیم اخراجات اور معاشی مشکلات کے خلاف ایک توانا اور پُرامن آواز بنیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام بالخصوص خواتین کی مشکلات کا فوری ادراک کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ خواتین کی یہ بیداری اور پُرامن جدوجہد اس بات کا اعلان ہے کہ اب عوام اپنے حقوق کے لیے خاموش تماشائی بن کر نہیں رہیں گے۔
رکاوٹیں عوامی عزم نہیں توڑ سکتیں، آج لاہور کی خواتین عوامی طاقت کا فیصلہ کن مظاہرہ کریں گی ` ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
