کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں تحریکِ انصاف کے بانی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی آنکھ بینائی کی ابتر اور تشویشناک صورتحال پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں دورانِ قید ملک کی ایک بڑی اور مقبول عوامی سیاسی جماعت کے قائد کے ساتھ اس نوعیت کا رویہ نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی بھی ہے۔ بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کسی بھی قیدی، بالخصوص ایک قومی سطح کے سیاسی رہنما کی جان اور صحت کی حفاظت ریاست کی آئینی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہوتی ہے۔ آئینِ پاکستان اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصول اس بات کے متقاضی ہیں کہ زیرِ حراست افراد کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر نہ برتی جائے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی بینائی کے علاج میں مبینہ طور پر مجرمانہ غفلت برتی گئی، جو تشویشناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ اگر کسی بھی قیدی کی صحت کو نظر انداز کیا جائے تو یہ قانون کی حکمرانی پر سوالیہ نشان بن جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر کسی بھی رہنما کو بنیادی طبی سہولت سے محروم رکھنا کسی بھی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی بینائی کو نقصان پہنچنے کی خبر سے ملک بھر میں اضطراب اور بے چینی کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ عوام، سیاسی کارکنان اور جمہوری قوتیں اس صورتحال پر سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔ اس وقت سب سے اہم تقاضا یہ ہے کہ انہیں فوری طور پر اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور مستند ماہرینِ امراضِ چشم سے مکمل طبی معائنہ کرایا جائے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے تمام معاملات میں شفافیت اختیار کی جائے، ان کی میڈیکل رپورٹس عوام کے سامنے لائی جائیں، اور اگر ضرورت ہو تو انہیں فوری طور پر ایسے طبی مرکز منتقل کیا جائے جہاں بہترین علاج ممکن ہو۔ مزید برآں، پارٹی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سیاسی کشیدگی کو انسانی معاملات سے الگ رکھا جائے اور کسی بھی سیاسی رہنما کی صحت کو دباؤ یا انتقام کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ عقلِ سلیم اور قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ حکمران عوام کے اس برحق اور انسانی مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے فوری اور سنجیدہ اقدامات کریں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی واضح کرتی ہے کہ وہ عمران خان کے علاج اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے اس جائز مطالبے کے حق میں ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
اڈیالہ جیل میں دورانِ قید ملک کی ایک بڑی اور مقبول عوامی سیاسی جماعت کے قائد کے ساتھ رویہ نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی بھی ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
