خضدار(ڈیلی گرین گوادر)جھالاوان میڈیکل کالج خضدار میں ریٹائر ہونے والے پرنسپل ڈاکٹر منیر احمد سمالانی کے اعزاز میں الوداعی اور نئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد زہری کے استقبالیہ کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ تھے۔ ان کے ہمراہ ایس پی خضدار دوستین دشتی، سابق ڈی جی لوکل گورنمنٹ حاجی ظفر عزیز زہری، ایم ایس جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال خضدار ڈاکٹر سرمد سعید اعزازی مہمانوں میں شریک تھے۔ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے جھالاوان میڈیکل کالج کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ طلبہ کے لیے ڈاکٹریٹ کی تعلیم کا مرکز ہے انہوں نے کالج کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے ذاتی طور پر کالج کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ کمشنر ڈاکٹر طفیل بلوچ نے کہا کہ حکومت جھالاوان میڈیکل کالج کو ماڈل ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ بلوچستان کے نوجوان یہاں سے اعلی معیار کی طبی تعلیم حاصل کر کے اپنے علاقے کی خدمت کر سکیں۔نئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد زہری نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ وہ کالج کی بہتری کیلئے ٹیم ورک پر کام کریں گے۔ انہوں نے تربت میڈیکل کالج کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوشش سے ہی کوئی ادارہ ترقی کرتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ جھالاوان میڈیکل کالج کو اپنا ادارہ سمجھ کر اس کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر ارشاد نے اپنے استاد ڈاکٹر منیر احمد سمالانی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ الوداعی خطاب میں ڈاکٹر منیر احمد سمالانی نے کہا کہ وہ جو منصب چھوڑ کر جا رہے ہیں وہ اب اپنے شاگرد کے سپرد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تقریبا تمام طلبہ آج فیلڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، یہ ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر منیر احمد سمالانی کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے جبکہ نئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد زہری کو مبارکباد دی گئی شیلڈ پیش کیا گیا اور مہمانوں میں بھی اعزازی شیلڈ تقسیم کیا گیا۔ ڈویژنل انفارمیشن آفیسر شبیر احمد سمالانی، سابق ضلعی چیئرمین میر عبدالرحمن زہری، سابق زکو چیئرمین عبدالرحمن زہری، انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین بشیر احمد جتک عبدالقدیر زہری پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد بنگلزئی حاجی محمد رمضان موسیانی سمیت دیگر معززین موجود تھے۔
خضدار، جھالاوان میڈیکل کالج میں الوداعی و استقبالیہ تقریب، کمشنر قلات کی جانب سے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

ٹیگز:
جھالاوان میڈیکل کالج
