کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے اضلاع خضدار اور بارکھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مختلف حملوں میں تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے 9 مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ پولیس کے مطابق خضدار کے علاقے مولہ میں زیرِ تعمیر واٹر چینل منصوبے پر کام کرنے والی نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔حملہ آوروں نے کیمپ میں موجود سرخ رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میں 6 مزدوروں کو زبردستی بٹھایا اور انہیں نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔ پولیس نے مغوی مزدوروں کی شناخت پراجیکٹ منیجر گل شیر، غلام سرور، عبدالمالک بگٹی، مولانا بخش، محمد عرفان اور اختیار کے ناموں سے کی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ان میں سے دو مزدور سندھ جبکہ باقی چار خضدار کے رہائشی ہیں۔دوسری جانب بارکھان کے علاقے ڈھولا ندی کے قریب سڑک کی تعمیر پر کام کرنے والی نجی کمپنی کے کرش پلانٹ پر بھی 20 سے زائد مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے حملہ کیا اور 3 مزدور اغوا کر کے قریبی پہاڑی علاقے کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مغوی مزدور موسی خیل کے رہائشی ہیں۔ حملہ آوروں نے کرش پلانٹ سے کچھ فاصلے پر قائم پولیس چوکی پر بھی دھاوا بول کر تین اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا۔مولہ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مسلح افراد کی تعداد زیادہ ہونے اور اچانک حملے کی وجہ سے موقع پر فوری مقابلہ ممکن نہیں ہو سکا، تاہم پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں دونوں اضلاع میں مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کر رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں اور سیکیورٹی ادارے ملزمان کے تعاقب میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دی جائے تاکہ حملہ آور جلد گرفتار کیے جا سکیں۔مقامی باشندوں نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور مزدوروں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی انتظامات فوری مثر بنانے کی ضرورت ہے۔
خضدار اور بارکھان میں مسلح افراد کے حملے، 9 مزدور اغوا

ٹیگز:
خضدار
