کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ کے علاقے سرہ غوڑگئ بائی پاس میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈکیتی، چوری اور اسٹریٹ کرائم کی مسلسل وارداتوں پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقے کے عوام روزانہ کی بنیاد پر جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سرہ غوڑگئ بائی پاس اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آئے روز مسلح ڈاکو دن دہاڑے دن اور رات کے اوقات میں شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹ رہے ہیں، موٹر سائیکلیں چھین رہے ہیں، موبائل فون، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء سڑکوں پر گن پوائنٹ پر چھینی جا رہی ہیں، جبکہ عام شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ جرائم کی ان وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے لیکن متعلقہ پولیس اور انتظامیہ صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عوام جب انصاف اور تحفظ کی امید لے کر تھانوں کا رخ کرتے ہیں تو ان کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی، شکایات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا اور نہ ہی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ اس طرزِ عمل سے عوام میں شدید مایوسی اور بے اعتمادی پیدا ہو رہی ہے۔ پولیس کی مجرمانہ غفلت اور مسلسل خاموشی سے یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور بعض ذمہ دار اہلکاروں کے درمیان کسی نہ کسی نوعیت کا گٹھ جوڑ موجود ہے، جس کی وجہ سے ڈاکو بلاخوف و خطر سرگرم ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سرہ غوڑگئ بائی پاس کے عوام خود کو مکمل طور پر غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مزید مجروح ہوگا اور جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے مزید بلند ہوں گے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے صوبای حکومت ، آئی جی پولیس، کمشنر کوئٹہ اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرہ غوڑگئ بائی پاس اور گرد و نواح کے علاقوں میں فوری طور پر خصوصی پولیس آپریشن شروع کیا جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، متاثرہ شہریوں کی ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے، گشت کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔بیان کے آخر میں خبردار کیا گیا کہ اگر جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس نہ لیا گیا اور عوام کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے ساتھ مل کر احتجاج اور دیگر جمہوری و آئینی اقدامات پر غور کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا سرہ غوڑگئی میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈکیتی، چوری مسلسل وارداتوں پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
