شیرانی (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے پانچویں روز ضلع شیرانی میں منعقد ہونے والا ضلعی کانفرنس پارٹی کو ضلع بھر میں مزید مضبوط، منظم اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ اس کانفرنس کے انعقاد سے پارٹی کو عوامی سطح پر مزید پذیرائی اور سیاسی حمایت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوامی مسائل کے حل، قومی حقوق کے تحفظ اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، اور ضلع شیرانی کا آنے والا ضلعی کانفرنس اسی عوامی و قومی جدوجہد کا تسلسل ثابت ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع شیرانی کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ایک اہم اور وسیع اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس ضلع آرگنائزر نازک خان شیرانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ کے پانچویں روز منعقد ہونے والے تاریخی، بڑے اور نمائندہ ضلعی کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور متعدد اہم تنظیمی و سیاسی فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے پانچویں روز ضلع شیرانی میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا ایک عظیم الشان، وسیع اور تاریخی ضلعی کانفرنس منعقد کیا جائے گا، جس میں پارٹی کے مرکزی چیئرمین و رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ، پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت، سیاسی و قومی شخصیات، مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان، قبائلی عمائدین، نوجوانوں، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یہ کانفرنس ضلع شیرانی کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔اجلاس میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نیک خروٹی، پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور سپریم کورٹ کے وکیل عبدالستار شیرانی، نظام شیرانی، امان اللہ شاہ ہریپال، بہرام خان ہریپال، حافظ صادق شیرانی سمیت متعدد ساتھیوں اور کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات، تنظیمی امور، مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم، تشہیری سرگرمیوں، دیہات اور دور دراز علاقوں کے دوروں، کارکنان کی ذمہ داریوں اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں تاکہ کانفرنس کو کامیاب اور منظم انداز میں منعقد کیا جا سکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ضلع شیرانی کا آئندہ ضلعی کانفرنس نہ صرف ضلع شیرانی بلکہ پورے پشتون وطن کی سیاسی جدوجہد میں ایک اہم پیش رفت اور تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج پشتون عوام بدامنی، بے روزگاری، معاشی مشکلات، سیاسی ناانصافیوں، وسائل پر قبضے، تعلیم و صحت کی ابتر صورتحال اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ عوام کو درپیش مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے حالات میں قومی و عوامی سیاسی قوتوں کا اتحاد، منظم جدوجہد اور سیاسی شعور وقت کی اہم ضرورت ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ پشتونخوا ملی تحریک اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوامی حمایت، قومی شعور، سیاسی بیداری اور تنظیمی اتحاد کی قوت سے اپنی جدوجہد کو مزید مضبوط بنائے گی اور پشتون عوام کے قومی، سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق کے حصول کے لیے ہر سطح پر اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ آئینی، جمہوری اور پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد مزید شدت اور منظم انداز میں جاری رہے گی۔ اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ضلع شیرانی کے تمام کارکنان، ساتھی، ہمدرد، نوجوان اور عوام عیدالاضحیٰ کے پانچویں روز منعقد ہونے والے ضلعی کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، تاکہ یہ کانفرنس عوامی شرکت، قومی اتحاد، سیاسی شعور اور تنظیمی قوت کی ایک تاریخی مثال بن سکے۔ اجلاس کے اختتام پر مختلف علاقوں میں رابطہ مہم تیز کرنے، کارکنان کے اجلاس منعقد کرنے اور عوام کو کانفرنس میں بھرپور شرکت کی دعوت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
عیدالاضحیٰ کے پانچویں روز منعقد ہونے والا ضلعی کانفرنس پارٹی کو ضلع بھر میں مزید مضبوط، منظم اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، رضا محمد رضا

ٹیگز:
رضا محمد رضا
