کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)تنظیمِ اساتذہ بلوچستان یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد کو مستونگ کے قریب سے اغوا کیے جانے اور اب تک بازیاب نہ ہونے کے سنگین واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے اور اس بزدلانہ عمل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔بلوچستان میں اساتذہ، دانشوروں اور تعلیمی ماہرین کو اس طرح سرِعام نشانہ بنانا اور دن دیہاڑے اغوا کر لینا انتہائی شرمناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔ اس قسم کے واقعات صوبے میں علم کی شمع روشن کرنے والوں کو خوفزدہ کرنے اور تعلیمی عمل کو سبوتاژکرنے کی گہری سازش ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب صوبہ پہلے ہی تعلیمی پسماندگی کا شکار ہے، اعلیٰ ترین تعلیمی شخصیات کا یوں غائب ہونا اور انتظامیہ کی جانب سے اب تک ان کا سراغ نہ لگایا جانا حکومتی رٹ اور امن و امان کے تمام دعووں پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کے ساتھیوں نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ ان کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ پوری استاد برادری کی توہین اور صوبے کے مستقبل پر حملہ ہے۔ ان کی مسلسل عدم بازیابی نے صوبے بھر کے اساتذہ اور طالب علموں میں شدید بے چینی اور مایوسی پھیلا دی ہے۔تنظیمِ اساتذہ بلوچستان حکومتِ وقت، وزیرِ اعلیٰ اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ مغویان کی بحفاظت اور فوری بازیابی کے لیے تمام تر ریاستی وسائل کو ہنگامی بنیادوں پر بروئے کار لایا جائے، اس کارروائی میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے۔
یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر اور پرووائس چانسلر سمیت دیگر مغویوں کو فوری بازیا ب کرایا جائے،تنظیمِ اساتذہ بلوچستان

ٹیگز:
جامعہ گوادر
