راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے ضلع راولپنڈی میں ممبر سازی مہم کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہم محض تعداد بڑھانے کا نام نہیں بلکہ ایک ایسی فکری اور عملی جدوجہد ہے جس کا مقصد معاشرے میں قرآن و سنت کے نظام کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا،ہم ہر اس دل تک پہنچنا چاہتے ہیں جو خیر، اصلاح اور دین کی سربلندی کے لیے دھڑکتا ہے۔مزید انہوں نے کہا کہ ممبر سازی دراصل ایک دعوتی سفر ہے، جو فرد سے خاندان اور خاندان سے معاشرے کی اصلاح تک جاتا ہے۔ثمینہ سعید نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کو دین کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا،جب خواتین بیدار ہوں گی تو پورا معاشرہ سنور جائے گا، اور یہی ہماری جدوجہد کا اصل ہدف ہے۔ثمینہ سعید نے راولپنڈی میں عید ملن برائے مدرسات دورہ قرآن سے خطاب کرتے ہوئے “ہر دل تک قرآن” مہم کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کا لائحہ عمل پیش کیا۔ انہوں نے کہا،قرآن سے جڑنا وقتی عمل نہیں بلکہ ایک مسلسل وابستگی ہے جسے ہمیں اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ‘ہر دل تک قرآن’ کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے اور اسے ایک مستقل تحریک کے طور پر جاری رکھیں گے۔ثمینہ سعید نے مزید کہا،مدرسات دورہ قرآن اس مشن کی بنیاد ہیں، اور ان کے ذریعے ہم آنے والی نسلوں کی فکری تربیت کر سکتے ہیں۔اس پروقار تقریب میں ناظمہ صوبہ حلقہ شمالی پنجاب ثمینہ احسان سمیت دیگر ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ضلع راولپنڈی میں ممبر سازی مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اس مہم کو کامیاب بنا کر دین کی دعوت کو ہر فرد تک پہنچایا جائے گا۔
ہر گھر، ہر دل تک قرآن کا پیغام پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے ` ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
