گوادر(ڈیلی گرین گوادر)گوادر سمیت بلوچستان بھر کے ساحلوں پر محرومی برقرار،قراردادیں منظور، عملدرآمد غائب،ماہیگیروں کے لیئے بلوچستان حکومت کے وعدے بے اثر،عملی اقدامات ناپید،فشرمین کارڈ، مزدور درجہ، سب دعوے کاغذی ثابت،مقامی ماہیگیر سوشل سیکیورٹی سے محروم، رجسٹریشن کا عمل مکمل نہ ہو سکا، ایکوا کلچر منصوبے محدود، اثرات نہ ہونے کے برابر،پسنی فش ہاربر کی بحالی بھی تاخیر کا شکار،غیر قانونی ٹرالنگ جاری، روزگار مزید متاثر،بلوچستان میں ماہی گیروں کی فلاح تاحال خواب بن گیا۔بلوچستان حکومت کی جانب سے گزشتہ چند برسوں کے دوران ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے متعدد اعلانات تاحال مکمل عملدرآمد کے منتظر ہیں، جبکہ ساحلی علاقوں میں رہنے والی ماہی گیر برادری کو درپیش مسائل بدستور برقرار ہیں۔تفصیلات کے مطابق سال 2023 میں حکومت کی جانب سے ماہی گیروں کو مزدور کا درجہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ انہیں سوشل سیکیورٹی اور دیگر قانونی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ تاہم اس اعلان کے باوجود بیشتر ماہی گیر اب بھی ان سہولیات سے محروم ہیں اور ان کی باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔اسی طرح بلوچستان اسمبلی میں ماہی گیروں کے لیے“فشرمین کارڈ”جاری کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی تھی، جس کا مقصد انہیں سرکاری سبسڈی اور سہولیات تک رسائی فراہم کرنا تھا، لیکن اس منصوبے پر بڑے پیمانے پر پیش رفت نہ ہونے کے باعث ماہی گیر اس سہولت سے مستفید نہیں ہو سکے۔دوسری جانب پسنی فش ہاربر کی بحالی اور فعالیت سے متعلق حکومتی دعوے بھی مکمل طور پر عملی شکل اختیار نہ کر سکے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہاربر طویل عرصے سے غیر فعال ہے جس سے ماہی گیروں کے روزگار پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔غیر قانونی ٹرالنگ کے خاتمے کے لیے بھی حکومت کی جانب سے متعدد بار سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس دکھائی دیتے ہیں۔ ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ٹرالنگ اب بھی جاری ہے جس سے ان کی آمدنی متاثر ہو رہی ہے۔مزید برآں حکومت نے ماہی گیروں کی فلاح کو اپنی ترقیاتی پالیسی کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے ایکوا کلچر اور دیگر منصوبوں کا اعلان کیا لیکن ان اقدامات کے اثرات محدود سطح پر ہی دیکھنے میں آئے ہیں جن میں بہت سارے منصوبے اب بھی غیر فعالیت کا شکار اور نامکمل ہیں،ماہرین کے مطابق ان تمام اعلانات کے باوجود مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کی بنیادی وجوہات میں ادارہ جاتی کمزوریاں، وسائل کی کمی اور پالیسیوں میں تسلسل کا فقدان شامل ہیں۔گوادر سمیت بلوچستان کے ماہی گیر برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ ان کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں۔
گوادر سمیت بلوچستان بھر کے ساحلوں پر محرومی برقرار،حکومت کے اعلانات پر عملدرآمد نہ ہوسکا

ٹیگز:
گوادر
