کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ عوام کو سستی اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گرین بس سروسز اورپنک بس سروس سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مسافر مستفید ہورہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سریاب روڈ فیض آباد سے گاہی خان چوک تک سریاب گرین بس سروس کے اچانک دورہ کے موقع پر مسافروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرپارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میرلیاقت لہڑی نے بس میں سفر کرنے والے مسافروں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان سے درپیش مسائل، سہولیات اور سروس کے معیار کے حوالے سے تفصیلی آگاہی حاصل کی مسافروں نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کا خود میدان میں آ کر سہولیات کا جائزہ لینا ایک مثبت روایت ہے۔ اس موقع پر مسافروں نے پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرین بس سروس نے ان کے روزمرہ سفر کو نہایت آسان اور محفوظ بنا دیا ہے۔میر لیاقت لہڑی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور گرین بس سروس کو مزید مؤثر، محفوظ اور آرام دہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسافروں کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور سروس کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔
کوئٹہ میں گرین بس سروسز اورپنک بس سروس سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مسافر مستفید ہورہے ہیں، لیاقت لہڑی

ٹیگز:
لیاقت لہڑی
