کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ میں سرکاری ملازمین کے اتحاد گرینڈ الائنس کا احتجاج، ریڈ زون پر دھرنا دینے کی کوشش، پولیس کا ملازمین پر کریک ڈاون آنسو گیس کی شیلنگ متعدد رہنماوں کو گرفتار کر لیا گیا گرینڈ الائنس نے جیل بھرو تحریک، سرکاری دفاتر کی غیر معینہ مدت تک تالہ بندی،پریس کلبز کے سامنے مظاہروں کا اعلان کر دیا، کوئٹہ میں دن پھر موبائل فون انٹرنیٹ معطل رہا۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیم بلوچستان گرینڈ الائنس نے ڈی آر اے کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ میں ریڈ زون کے سامنے رھرنا دینے کا اعلان کیا تھا، اس اعلان کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ریڈ زون جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر کھڑے کرکے سیل کرتے ہوئے شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کی بھری نفری تعینات کی تھی منگل کو ملازمین دھرنے کیلئے جمع ہونے لگے تو پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے عدالت روڈ اور کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے والے رہنماؤں سمیت متعدد سرکاری ملازمین کو گرفتار کر لیا،پولیس اور ملازمین میں آنکھ مچولی کا کھیل کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دوپہر کو کوئٹہ شہر اور گردونواح میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی جس کے باعث کاروباری طبقے سمیت عام صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ احتجاج کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں پولیس نے گرفتار ملازمین کو مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا۔دوسری جانب، بلوچستان گرینڈ الائنس کے مرکزی آرگنائزر پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ نے بتایا ہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس نے منگل کے روز کوئٹہ میں دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا تاہم پیر کی شب سے ہی پولیس نے ہمارے قائدین، متحرک ساتھیوں کے گھروں پر چھاپے مارکر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا اور منگل کے روز جیسے ہی ہمارے ساتھی احتجاج کیلئے نکلے تو پولیس نے بڑی تعداد میں ہماری قیادت اور ملازمین کو گرفتار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جو حکومتی کمیٹی تشکیل دی تھی اس کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے۔ ملازمین کی گرفتاریوں کیخلاف آج بروز بدھ سے بلوچستان بھر میں سرکاری دفاتر کی غیر معینہ مدت تک لاک ڈاؤن، جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آج سیدو ہفتوں تک بلوچستان کے تمام اضلاع میں گرینڈ لائنس کے ساتھی جلوس کی صورت میں متعلقہ تھانوں میں جاکر ازخود گرفتاریاں پیش کریں گے اور آج بروز بدھ بلوچستان کے تمام پریس کلبز کے سامنے پرامن مظاہرے کئے جائیں گے۔
کوئٹہ میں پولیس کی گرینڈ الائنس کے ملازمین پر شیلنگ،متعدد رہنماوں کو گرفتارکرلیا

ٹیگز:
کوئٹہ
