کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے زیر اہتمام بلوچستان کی تاریخ کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کا افتتاح ہوگیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فیتہ کاٹ کر ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بلوچستان میں 26 سال بعد حکومتی سطح پر انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں موجود مواقع سے روشناس کرانا ہے۔افتتاحی تقریب میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر، سابق وفاقی وزیر سلیم مانڈوی والا، میاں زاہد حسین، صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند، کمشنر پشین ڈویڑن قائم لاشاری، ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدلکبیر زرکون، وائس چانسلر BUITEMS ڈاکٹر خالد حفیظ، ایران کے قونصل جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد گل کاکڑ، حاجی فاروق خلجی، حاجی یوسف بازئی، چیمبر آف سمال انڈسٹریز کے حاجی ولی محمد، حاجی فضل کریم اور کاروباری و صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔ایکسپو میں ملک بھر سمیت بلوچستان کی 100 سے زائد کمپنیوں، صوبائی محکموں اور وفاقی ریگولیٹری اداروں نے اپنے اسٹالز قائم کیے ہیں، جہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، کاروباری منصوبوں، مصنوعات اور سہولیات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ ایکسپو میں شہریوں، طلباء و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مختلف اسٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے BITE 2026 کے انعقاد کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشوں سے بلوچستان کے سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہی ملک بھر میں فروغ پاتی ہے۔ بلوچستان میں زراعت، خوراک اور صنعتی شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں اور صوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی غذائی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ کاروباری برادری کی ملاقات میں پیش کیے گئے مسائل میں سے متعدد کے فوری حل، کاروباری افراد کے لیے بینک فنانسنگ، صنعتی ترقی اور نوجوانوں کی فنی تربیت کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے FPCCI کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد گل کاکڑ نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی انتظامیہ کو ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لائسنسز، این او سیز، قانونی منظوریوں اور کاروباری طریقہ کار کو آسان بنانا سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت، معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم امن و امان، بالخصوص قومی شاہراہوں پر سکیورٹی کی صورتحال کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے ان مسائل کے حل اور کاروباری سہولیات میں بہتری پر زور دیا۔وائس چانسلر BUITEMS ڈاکٹر خالد حفیظ نے ایکسپو کے انعقاد کو تعلیمی اداروں، صنعت اور کاروباری برادری کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا اہم موقع قرار دیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں روبوٹکس، انٹیلی جنٹ سسٹمز اور ڈیٹا سائنس سمیت نئے تعلیمی پروگراموں کے آغاز سے آگاہ کیا اور کہا کہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوانوں کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے صنعت اور جامعات کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بلال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں مہمانوں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ BITE 2026 بلوچستان کی مصنوعات، مقامی صنعت، کاروباری اداروں اور اسٹارٹ اپس کو قومی منڈیوں سے منسلک کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں گرین بس اور پنک بس سروس، نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کے مواقع، زراعت کی معاونت، تعلیمی و سماجی بہبود کے منصوبے اور اسکولوں کی سولرائزیشن شامل ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل سہولیات، ای کامرس اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے ذریعے کاروباری افراد کو ون ونڈو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بے پناہ معاشی اور کاروباری استعداد موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ دستیاب مواقع کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے مقامی کاروبار، صنعت اور نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے راستے کھولے جائیں۔
بلوچستان کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو BITE 2026 کا افتتاح

ٹیگز:
BBoIT
