کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سماجی بہبود کا اجلاس کمیٹی روم میں چیئرمین کمیٹی فضل قادر مندوخیل کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بلوچستان نان فارمل ایجوکیشن بل 2026ء کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین میر اسداللہ بلوچ، زابد علی ریکی، فرح عظیم شاہ اور ہادیہ نواز نے شرکت کی، جبکہ سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود عصمت اللہ قریش اور محکمہ قانون کے ڈپٹی سیکرٹری احسان برکت بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس کے دوران بلوچستان نان فارمل ایجوکیشن بل 2026ء کی مختلف شقوں، اغراض و مقاصد اور صوبے میں شرح خواندگی بہتر بنانے کے حوالے سے مجوزہ قانونی و انتظامی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان 1973 کے آرٹیکل 25-A اور 37-B کی روشنی میں تعلیم کے فروغ اور شہریوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مجوزہ بل کے تحت محکمہ سماجی بہبود جدید، ضرورت پر مبنی اور لچکدار طریقہ ہائے کار کے ذریعے بالخصوص معاشی اور سماجی طور پر پسماندہ طبقات کو مفت تعلیم، خواندگی، بنیادی حسابی مہارتوں، زندگی گزارنے کی عملی صلاحیتوں اور روزگار سے متعلق ہنر فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ بلوچستان کے دور دراز، پسماندہ اور تعلیمی سہولیات سے محروم علاقوں میں غیر رسمی تعلیم کا موثر نظام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مجوزہ قانون نہ صرف ان بچوں، نوجوانوں اور دیگر افراد کے لیے تعلیم کے نئے مواقع پیدا کرے گا جو کسی وجہ سے روایتی تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل نہیں کر سکے، بلکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور معاشرے کا فعال حصہ بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔چیئرمین کمیٹی فضل قادر مندوخیل نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی قانون سازی بالخصوص ان افراد کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے جو دور افتادہ علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور جنہیں زندگی میں کبھی اسکول یا دینی مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع بھی میسر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی تعلیمی محرومی کا ازالہ کرنے کے لیے غیر رسمی تعلیم کا مؤثر اور قابل عمل نظام متعارف کرانا ناگزیر ہے۔کمیٹی کے رکن میر اسداللہ بلوچ نے بل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان جیسے وسیع و عریض جغرافیائی رقبے اور منتشر آبادی پر مشتمل صوبے میں روایتی تعلیمی نظام ہر علاقے اور ہر طبقے تک یکساں رسائی فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ ایسے حالات میں نان فارمل ایجوکیشن کا نظام ایک مؤثر متبادل کے طور پر سامنے آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص دور دراز علاقوں، دیہی آبادیوں اور معاشی مشکلات سے دوچار خاندانوں کے بچوں اور تعلیم سے محروم افراد کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔زابد علی ریکی نے اس موقع پر کہا کہ اس قانون کے تحت صرف بنیادی خواندگی تک محدود رہنے کے بجائے فنی و عملی مہارتوں، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع سے منسلک تعلیم کو بھی فروغ دیا جانا چاہیے، تاکہ تعلیم حاصل کرنے والے افراد اپنی معاشی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مجوزہ قانون پر موثر عملدرآمد، مناسب بجٹ، تربیت یافتہ عملے اور شفاف نگرانی کے نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں۔اجلاس میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی کہ بلوچستان میں شرح خواندگی کے اشاریے دیگر صوبوں کے مقابلے میں تشویش ناک ہیں، لہذا اس قانون کے ذریعے محکمہ سماجی بہبود کو صوبے میں ناخواندگی کے خاتمے، تعلیمی مواقع میں اضافے اور شرح خواندگی میں نمایاں بہتری کے لیے ایک مضبوط قانونی بنیاد فراہم ہوگی۔کمیٹی کے اراکین نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ بلوچستان ملک کا پہلا صوبہ بننے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے جہاں نان فارمل ایجوکیشن کے شعبے میں اس نوعیت کی قانون سازی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ اراکین نے اتفاق رائے سے اس بل کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی جلد منظوری اور موثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ صوبے کے محروم اور پسماندہ طبقات کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
بلوچستان میں شرح خواندگی کے اشاریے دیگر صوبوں کے مقابلے میں تشویش ناک ہیں، فضل قادر مندوخیل

ٹیگز:
فضل قادر مندوخیل
