اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے گذشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار صحافی شاہد میتلا کو بدھ کو مقامی عدالت میں پیش کیا، جہاں ان کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔این سی سی آئی اے کے اعلیٰ عہدے دار نے بتایا تھا کہ ’شاہد میتلا کی گرفتاری کوئٹہ میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر درج ایک مقدمے کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی ہے۔‘
پنجاب کے شہر چشتیاں سے تعلق رکھنے والے شاہد میتلا مختلف نیوز چینلز، جن میں نیوز ون، پاکستان ٹیلی وژن نیوز، اے آر وائے نیوز اور بول جیسے اداروں سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ وہ تقریباً 20 سال سے میڈیا سے منسلک ہیں اور انہوں نے ’بلوم پاکستان‘ کے نام سے اپنا ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم بھی قائم کر رکھا ہے۔اہلیہ کے مطابق شاہد میتلا کو گذشتہ روز رات گئے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس سے گرفتار کیا گیا تھا۔
انہیں بدھ کو اسلام آباد میں سول جج/ سپیشل مجسٹریٹ این سی سی آئی اے ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں این سی سی آئی اے بلوچستان نے سات روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم شاہد میتلا کے وکیل حبیب حنظلہ کی جانب سے راہداری ریمانڈر کی مخالفت کی گئی۔
سماعت کے دوران وکیل حبیب حنظلہ نے کہا: ’جب ملزم کو دوسرے صوبے میں ریمانڈ پر لے جانا ہو تو پولیس قوانین کے تحت ہوم آفس کے تحت کوآرڈینیشن لازمی ہے۔ شاہد میتلا کے مطابق انہوں نے بی ایل اے کے خلاف متعدد ٹویٹس کی ہیں اور انہیں بلوچستان میں خطرہ ہے۔‘وکیل نے بتایا کہ ’ہمیں ابھی تک ایف آئی آر ہی فراہم نہیں کی گئی۔ اسی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔‘
وکیل حبیب حنظلہ نے بتایا کہ شاہد میتلا کے خلاف انوارالحق کاکڑ کی جانب سے ایک ٹویٹ پر جولائی میں کوئٹہ کے این سی سی آئی اے میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ سے ان کی قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کی گئی تھی۔وکیل کے مطابق گذشتہ روز انہیں اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا اور 24 گھنٹے کا اضافی وقت حاصل کرنے کے لیے گرفتاری کی رسمی تاریخ رات 12 بجے کے بعد ظاہر کی گئی۔ عدالت میں پولیس نے ایک ہفتے کا راہداری ریمانڈ مانگا، جس پر جج نے ابتدا میں تین دن کا ریمانڈ منظور کر لیا تھا۔
وکیل حبیب حنظلہ نے پولیس رولز کے سیکشن 20 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بین الصوبائی تحویل کی منتقلی کے لیے دونوں صوبوں کے ہوم ڈپارٹمنٹس کے مابین باضابطہ رابطہ اور منظوری ضروری ہے، جس کے بعد جج نے تین روزہ راہداری ریمانڈ کا حکم واپس لیتے ہوئے پولیس کو قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی۔‘بعد ازاں عدالت نے صحافی شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔
انوار الحق کاکڑ ملک کے سابق نگران وزیراعظم اور سینیٹ کے رکن ہیں۔ انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں شاہد میتلا کے خلاف درج کروائی گئی شکایت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے خلاف گندم سکینڈل میں 300 ارب روپے کمانے کے الزام کا ثبوت مانگا ہے۔
بقول انوار الحق کاکڑشاہد میتلا نے بلوچستان کی صورت حال کے تناظر میں ایک ٹویٹ کی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک شخصیت نے 300 ارب روپے گندم سکینڈل میں کمائے، وزیراعظم کا جہاز منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا اور اسلام آباد میں پراپرٹی ٹائیکون سے جائیداد حاصل کی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے قانون کے مطابق شکایت درج کروائی تاکہ صحافی اپنے الزامات کا ثبوت پیش کرے۔سابق وزیراعظم کے مطابق صلح صفائی کے لیے ان سے متعدد افراد نے رابطہ کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’صحافی یہ تسلیم کرے کہ تحقیقات کے بعد الزامات کے شواہد نہیں ملے اور یہ کہے کہ یہ بات حقیقت کے منافی تھی کیونکہ وہ ان باتوں کے ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔‘

