کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی موجودگی میں حکومتِ بلوچستان اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان عوام، ورکنگ ویمن اور طلبہ کے لیے الیکٹرک اسکوٹیز کی سبسڈائزڈ اقساط پر فراہمی سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے اس موقع پر صوبائی وزیر میر صادق عمرانی، اعلیٰ صوبائی حکام جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر عہدیداران بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حکومت بلوچستان اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام، طلبہ اور بالخصوص ورکنگ ویمن کو بہتر، باوقار اور سستی سفری سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ الیکٹرک اسکوٹیز کی یہ اسکیم معاشرے کے مختلف طبقات کے لیے نہ صرف سفری مشکلات میں کمی کا باعث بنے گی بلکہ ایندھن کے متبادل، کم لاگت اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسی تمام اسکیموں اور منصوبوں کو عملی جامہ پہنائے گی جن کے براہِ راست فوائد عوام تک پہنچیں اور جن سے روزمرہ زندگی میں سہولت اور بہتری آئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود پر مبنی منصوبوں کے ذریعے نوجوانوں، خواتین اور عام شہریوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
حکومت بلوچستان اور نیشنل بنک آف پاکستان کے مابین باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط ہوگئے طلبہ، ورکنگ ویمن اور عوام کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے لئے فنانسنگ کی جائے گی

ٹیگز:
بلوچستان
