حب (ڈیلی گرین گوادر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ دین کی دعوت کا پھیلاؤ معاشرے کی اصلاح کا سب سے بڑا اور اہم ذریعہ ہے -جماعت اسلامی خواتین میں دعوتِ دین کو وسعت دے کر ایک کروڑ خواتین تک قرآن کا پیغام پہنچانا چاہتی ہے، اور اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے رمضان المبارک میں دورۂ قرآن نہایت طاقتور اور نتیجہ خیز ذریعہ ہے۔ وہ حب، بلوچستان میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے تحت منعقدہ دو روزہ ماسٹر ٹرینر ورکشاپ برائے مدرسات سے خطاب کر رہی تھیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ مدرسات کا اندازِ تدریس محض معلوماتی نہیں بلکہ ایسا ہونا چاہیے جو دلوں کو مسخر کرے، روح کو بیدار کرے اور قرآن سے گہری محبت کو اجاگر کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ روایتی طرز سے آگے بڑھ کر جدید اور مؤثر اسالیب اپنائے جائیں تاکہ دورۂ قرآن محض ایک معمول نہ رہے بلکہ ایک فکری و روحانی انقلاب کا ذریعہ بنے۔ روزانہ ایک پارے کی خوش الحانی سے تلاوت بستیوں میں خیر، برکت اور ہدایت کے دروازے کھول دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ایمان کی تجدید اور دلوں کی آبیاری کا مہینہ ہے۔ اس دوران انسان کا دل سننے، سمجھنے اور بدلنے کے لیے زیادہ آمادہ ہوتا ہے اور معاشرے میں نیکی کی طلب بڑھ جاتی ہے۔ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ہر بستی اور ہر محلے میں دورۂ قرآن کی محافل منعقد کی جائیں۔ قرآن ایک زندہ اور ہمہ گیر کتاب ہے جو ہر دور کے مسائل کا قابلِ عمل حل پیش کرتی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین کو اسلام کے آفاقی نظام کی برکات سے آگاہ کیا جائے۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر بلوچستان اسمبلی اور ڈپٹی سیکریٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا کہ دورۂ قرآن کے اختتام پر شرکاء کو فکری طور پر اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کے لیے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض تعلیم کافی نہیں، بلکہ جماعت اسلامی میں شمولیت کے ذریعے اقامتِ دین کی منظم اور عملی جدوجہد کا حصہ بننے کی دعوت دینا بھی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “بدلو نظام” کی تحریک اس وقت کامیاب ہو سکتی ہے جب ہم خود اپنی ذات میں تبدیلی لائیں۔ باطل نظریات کا شعور اور اسلام کو ایک مکمل اور قابلِ عمل متبادل نظام کے طور پر پیش کرنا مدرسات کے اہداف میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج وہاں نظر آنے والی تبدیلی ان کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ ڈائریکٹر آفاق شاہد وارثی نے مدرسات کو قرآن مجید کے ذریعے اقامتِ دین کی تربیت کے عملی طریقے سکھاتے ہوئے کہا کہ آج انسانیت کو درپیش تمام مسائل کا حل قرآن میں موجود ہے، لیکن ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم اسلام اور قرآن سے محبت کے باوجود اس کی عملی برکات سے محروم ہیں، جس کے نتیجے میں معاشرہ اخلاقی زوال کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کے مشن “قرآن و سنت کی دعوت لے کر اٹھو اور دنیا پر چھا جاؤ” کی امین ہے۔ جماعت کا ہر فرد مبلغ ہے اور دعوتِ دین کو آگے پہنچانا اس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ڈائریکٹر برائے مدرسات ٹریننگ کورس انیلہ محمود نے رمضان المبارک میں فہم القرآن اور دورۂ قرآن کی مؤثر اور جامع منصوبہ بندی پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے مدرسات کو قرآن سے مضبوط تعلق قائم کرنے اور معاشرے میں عملی تبدیلی لانے کے جدید اور مؤثر طریقوں سے بھی روشناس کرایا۔اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ناظمہ صوبہ بلوچستان شازیہ عبداللہ اور پروگرام ڈائریکٹر برائے مدرسات کورس انیلہ محمود بھی موجود تھیں۔
قرآن سے جڑ کر ہی معاشرے میں حقیقی اور پائیدار تبدیلی لائی جا سکتی ہے ` ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
حمیرا طارق
