کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ہائی کورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس جسٹس روزی خان بڑیچ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، جسٹس اقبال احمد کاسی، جسٹس شوکت علی رخشانی، جسٹس گل حسن ترین، جسٹس محمد عامر نواز رانا، جسٹس سردار احمد حلیمی، نے شرکت کی۔ اجلاس میں عدالتی، انتظامی اْمور، عملے کی کارکردگی، اور ملازمین کی سروس اسٹرکچر سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ایڈمنسٹریشن کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور مجلسِ شوریٰ کے ارکان کو 10 سالہ تسلی بخش سروس مکمل کرنے پر ایک درجہ پروموشن دی جائے گی۔ اس فیصلے کے تحت گریڈ 21 سے گریڈ 22 اور گریڈ 19 سے گریڈ 20 بلترتیب ترقی دی جائے گی۔مزید برآں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے وہ ججز افسران و ملازمین جو کوئٹہ میں تعینات ہیں، انہیں ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس فراہم کیا جائے گا تاکہ اْنہیں رہائش کے مسائل سے ریلیف مل سکے۔ چیف جسٹس بلوچستان نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ عدالتی نظام کی مضبوطی کے لیے ملازمین کی فلاح و بہبود ناگزیر ہے، اور بلوچستان ہائی کورٹ اس ضمن میں شفاف اور میرٹ پر مبنی اقدامات جاری رکھے گی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور مجلسِ شوریٰ کے ارکان کو 10 سالہ تسلی بخش سروس مکمل کرنے پر ایک درجہ پروموشن دی جائے گی،بلوچستان ہائی کورٹ

ٹیگز:
ہائی کورٹ
