کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے شفاف، منظم اور آئینی تقاضوں کے مطابق انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق، انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ بلدیاتی انتخابات بروقت اور شفاف طریقے سے منعقد کیے جا سکیں۔الیکشن کمیشن نے عوام اور امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا ووٹ انتخابی فہرستوں میں چیک کریں اور اگر ووٹ کے اندراج، اخراج، منتقلی یا درستگی سے متعلق کوئی شکایت یا تبدیلی درکار ہو تو فوری طور پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ کے دفتر سے رجوع کریں۔ترجمان نے واضح کیا کہ انتخابی فہرستوں کی تکمیل کے بعد بلدیاتی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کیا جائے گا، اور الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 39 کے تحت شیڈول کے اجرا کے بعد کسی بھی قسم کی ووٹر رجسٹریشن یا درستگی ممکن نہیں ہوگی۔الیکشن کمیشن نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کی موجودگی، درستگی اور متعلقہ وارڈ میں اندراج کو جلد از جلد یقینی بنائیں تاکہ انتخابی دن کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ اس مقصد کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی میڈیا، سوشل میڈیا اور عوامی اجتماعات کے ذریعے جاری ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ووٹ کی تفصیلات چیک کریں اور بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر جمہوری عمل کو مضبوط بنائیں۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل مرحلے میں داخل

ٹیگز:
بلوچستان
