کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے ایران سے منسلک بارڈر کی بندش کو مکران اور رخشان ڈویژن کے لاکھوں عوام کے لیے معاشی تباہی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روزگار اور کاروبار کے متبادل ذرائع فراہم کیے بغیر بارڈر کو بار بار بند کرنا نہ صرف غیر سنجیدہ عمل ہے بلکہ یہ عوام کے لیے شدید تشویش کا باعث بھی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مکران اور رخشان ڈویژن کے عوام کی بڑی تعداد کا انحصار سرحدی تجارت پر ہے، لیکن حکومتی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کے باعث بارڈر کی بار بار بندش نے ہزاروں خاندانوں کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔ ان کے بقول بارڈر کی بندش کسی سیکیورٹی یا پالیسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ عوام کے صبر کا امتحان ہے۔رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ اگر حکومت بارڈر بند کرنے پر مجبور ہے تو پہلے عوام کو متبادل روزگار، تجارتی مواقع اور بنیادی سہولیات فراہم کرے، بصورت دیگر یہ اقدام معاشی قتل کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی بارڈر بچا تحریک کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ایران بارڈر کو فوری طور پر کھول کر عوام کو ان کے بنیادی روزگار سے محروم کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت اور وفاقی ادارے زمینی حقائق کو نظرانداز کرنے کے بجائے عوامی مشکلات کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔
ایران بارڈر کی بندش مکران و رخشان کے عوام کے لیے معاشی تباہی ہے، رحمت صالح بلوچ

ٹیگز:
رحمت صالح بلوچ
