کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، مرکزی سیکرٹری جبار خان اتمانخیل نے کہا ہے کہ اپنے وطن اور اس کے وسائل کی حفاظت ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتونخوا وطن اکی چوکیدار پارٹی کی حیثیت سے اپنا قومی ، سیاسی ، جمہوری کردار شروع دن سے ادا کرتی چلی آرہی ہے ۔ فارم 47کی حکومت اور جعلی نمائندوں نے عوام کے وسائل ، زمینوں ،پہاڑوں کی الاٹمنٹ سے تجاوز کرتے ہوئے انتقالات شروع کردیئے ، عوام کے زمینوں اور معدنیات پر کسی کو قبضہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پارٹی عہدیدار اور کارکنان اپنی تنظیم کو منظم بنانے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر قومی سیاسی شعور کو اجاگر کرنے اور اپنے وطن اور اس کے جغرافیہ سے عوام کو آگاہ کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع زیارت کے تحصیل زیارت کمیٹی، تحصیل سنجاوی کے کمیٹی کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار حبیب الرحمن دومڑ، نظام عسکر اور ضلعی وتحصیل رہنمائوں بھی خطاب کیا۔ پارٹی رہنمائوں نے خیبر پشتونخوا کے سیلاب زدگان کے لیے لگائے کیمپ کا بھی دورہ کیا۔دریں اثناء ضلع لورالائی کے میختر تحصیل کمیٹی، بوری تحصیل کمیٹی کے اجلاسوں سے مرکزی سیکرٹری جبار خان اتمانخیل ،مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز حاجی دارا خان جوگیزئی ، نظام عسکر ، ضلع سیکرٹری صفدر میختروال نے خطاب کیا۔ منعقدہ اجلاسوں میں تنظیمی فعالیت، پشتون ثقافت کے عالمی دن کی مناسبت سے 23ستمبر کے دن کو بھرجوش وجذبے کے ساتھ منانے کے لیے تیاریوں کا آغاز کرنے سمیت عوامی مسائل کو زیر غور لایا گیا۔ مقررین نے منعقدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی سیاسی بصیرت کی بدولت آج بالخصوص پارٹی کے کارکنوں اور بالعموم سیاسی جمہوری کارکنوں کا سر فخر سے بلند ہے۔ محمود خان اچکزئی نے پشتونخوا وطن، ملک اور خطے کے حوالے سے بروقت جو پیشن گوئیاں کیںتھیں آج وہ وقت کے ساتھ ساتھ تمام دنیا کے سامنے عیاں ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہمہ جہت بحرانوں سے نجات کے لیے ملک کے آئین پر عملدرآمد ناگزیر ہے اور امن وامان کے قیام، بیروزگاری ، بدامنی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ قوموں کے سرزمینوں میں قدرت کی جانب سے عطاء کیئے گئے نعمتوں وسائل /معدنیات پر ان کے بچوں کا حق تسلیم کیا جائے۔ آج پشتونخوا وطن میں جہا ںبھی معدنیات موجود ہیں وہاں پر امن وامان کی صورتحال کو خراب بناکر عوام کو سرومال کے تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار کیا جارہا ہے۔ دہشتگردی ، بدامنی ، چوری ، ڈکیتی ، لاقانونیت ، اغواء برائے تاوان کی وارداتیں ، مسلح جرائم پیشہ عناصر کا بین الاصوبائی ، قومی رابطہ شاہراہوں پر سرعام واقعات سے امن تباہ ہوکر رہ گیا ہے جبکہ حکومت ان تمام صورتحال کو کنٹرول کرنے کی بجائے انٹرنیٹ، نیٹ ورک کو بند کرنے اور عوام میں خوف وہراس پھیلانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکن اپنی تنظیمی فعالیت کو دوبالا کرتے ہوئے ہر اپنی تنظیمی اجلاسوں کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائیں اور ان میںعوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
عوام کی زمینوں ،معدنیات پر کسی کو قبضہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،پشتونخوامیپ

