خضدار(ڈیلی گرین گوادر)ضلع خضدار میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہترین کارکردگی کے نتیجے میں باغبانہ علاقے سے چند روز قبل اغوا ہونے والی یتیم لڑکی عائشہ زہری کو لیویز فورس نے محفوظ و سالم حالت میں بازیاب کرایا۔ ملزم اغوا کار منیر زہری کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جو کیس کے فوری حل کی ایک روشن مثال ہے۔یہ کامیاب آپریشن ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال کی قیادت میں کیا گیا، جن کی دور اندیشی اور فیصلہ کن قیادت نے ٹیم ورک کو مثر بنایا۔ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ کی ذاتی دلچسپی اور ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال کی نگرانی نے سرچ آپریشنز میں ملزم کو فرار کا کوئی موقع نہیں دیا۔لیویز فورس کے جوانوں نے ملزم کی جانب سے فائرنگ کی کوشش کے باوجود بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے صورتحال پر قابو پایا اور بچی کی جان محفوظ رکھی۔ شہریوں نے لیویز فورس کی لگن، فرض شناسی اور بہادری کو سراہا اور اسے بلوچستان کی شان قرار دیا۔اس کامیاب آپریشن نے نہ صرف خضدار کی عوام کا اعتماد بحال کیا بلکہ پورے صوبے میں امن و امان کی ضمانت بھی دی ہے۔
خضدار،اغوا شدہ یتیم لڑکی عائشہ زہری بازیاب، ملزم منیر زہری گرفتار

ٹیگز:
خضدار
