لورالائی:ڈیرہ روڈ شیر جان کڈی کلی درگئی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت نیک محمد ولد نیاز محمد قوم لونی اور نصیب اللہ ولد داد محمد قوم لونی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ لاشوں کو ٹیچنگ ہسپتال لورالائی منتقل کردیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی اور لڑکی کے تنازع کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مقتولین عدالت میں پیشی کے بعد واپسی پر تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ کے دوران مقتولین کے ساتھ موجود ایک جوان لڑکی کو حملہ آور اپنے ساتھ لے گئے جبکہ مقتولین کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔
لورالائی میں گاڑی پرفائرنگ سےدو افراد جاں بحق، حملہ آوروں نے سوار لڑکی کو اغواکر لیا

