کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ ڈاکٹر محمد سمیع سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کا حل، ٹریفک نظام میں بہتری اور محکمہ ٹرانسپورٹ و ٹریفک پولیس کے مابین ادارہ جاتی و تکنیکی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ملاقات کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، جدید ٹریفک سگنل سسٹم کی تنصیب، ٹریفک مینجمنٹ میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی آگاہی مہمات جیسے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ کوئٹہ میں آبادی اور گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث ایک مربوط، جدید اور مثر ٹریفک نظام کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون سے مسائل کا بروقت حل اور عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر محمد سمیع نے یقین دہانی کرائی کہ ٹریفک پولیس شہریوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پالیسیوں پر عمل کیا جا رہا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم ہے۔
میر لیاقت لہڑی کی ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ سے ملاقات، ٹریفک نظام کی بہتری پر گفتگو

ٹیگز:
میر لیاقت لہڑی
