کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سید فیض اللہ آغا نے کہا ہے کہ کیسکو سمیت وفاقی ملازمتوں میں پشتون اضلاع کو مکمل طور پر نظر انداز ی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اس سلسلے میں پارٹی نہ صرف آئینی قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے بلکہ سیاسی جمہوری طور پر جنوبی پشتونخوا کے ہر ضلع میں احتجاج بھی کرے گی۔ کیسکو اور دیگر وفاقی محکموں واداروں کے صوبے کے کوٹہ میں پشتون اضلاع کے نوجوانوں کو ان کا حق دیا جائے، حق تلفی کی صورت میں پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو فوری طور پر اپنی نااہلی اور ناقص کارکردگی کا نوٹس لیں، عوامی مسائل حل کریں اور شہریوں کو گیس و بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔پشتونخواملی عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور آواز بلند کریگی، مسلط صوبائی حکومت اور نااہل نمائندوں کو عوامی مسائل کو حل کرنے میں کوئی سنجیدگی نہیں۔ عوام اپنی صفوں کو منظم رکھیں پارٹی سیاسی جمہوری احتجاج کا راستہ اختیارکرے گی۔ 2دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کے موقع پر عوام جلسہ عام میں بھرپور اندازمیں شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل سٹی کے مختلف علاقائی یونٹس کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے ضلع کوئٹہ کے آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی، ضلع معاونین صاحب خان بڑیچ، ڈاکٹر حبیب اللہ، عمر قریش، جبار ہمدرد، غلام اولسیار، فضل ترین، سلیمان ترین،ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے دیگر اراکین، تحصیل سیکرٹری منان نصرت، سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان اور دیگر تحصیل وعلاقائی رہنماؤں زمان ہمزولے، اُلفت خان،حمد اللہ، مجید خان ودیگر نے آریانہ افغان، ورور پشتون، شالدرہ، بند پشتون درہ، لاندی پشتون آباد کے علاقائی یونٹس کے اجلاسوں سے خطاب کیا۔ تمام اجلاسوں میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 53ویں برسی کے سلسلے میں 2 دسمبر کو منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریوں کو مرکزی اہمیت دی گئی اور پارٹی کارکنوں کی شرکت اور تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
وفاقی ملازمتوں میں پشتون اضلاع کی نظراندازی کو برداشت نہیں کیا جائیگا،کبیر افغان

ٹیگز:
کبیر افغان
