کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ کے علاقے غبرگ، کلی غیبزئی اور کلی عبدالزئی کے درمیان واقع تاریخی عوامی راستے کی گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل بندش پر شدید تشویش اور سخت احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک طویل عرصے سے عوام کے زیرِ استعمال اس اہم گزرگاہ کو بند رکھنا علاقے کے ہزاروں مکینوں کو بنیادی شہری سہولیات اور آمدورفت کے حق سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ اس غیر معقول اور عوام دشمن اقدام کے باعث علاقے کے عوام شدید مشکلات، ذہنی اذیت اور پریشانیوں سے دوچار ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تاریخی راستے کی بندش سے بالخصوص طلباء، مریضوں، بزرگوں، خواتین اور روزانہ آمدورفت کرنے والے شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ راستہ بند ہونے کے باعث لوگوں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے تقریباً تین کلومیٹر طویل متبادل راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف ان کا قیمتی وقت اور وسائل ضائع ہو رہے ہیں بلکہ ہنگامی حالات میں مریضوں کو بروقت طبی امداد تک پہنچانا بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی کے نام پر عوام کے ایک قدیمی اور بنیادی آمدورفت کے راستے کو کئی ماہ تک بند رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اگر سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خدشات یا مسائل درپیش ہیں تو ان کا حل ایسے اقدامات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے جن سے عوام کی زندگی، روزمرہ معمولات اور بنیادی شہری حقوق متاثر نہ ہوں۔ عوام کو اجتماعی سزا دینے اور ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرنے کے بجائے متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی صوبائی حکومت، متعلقہ اداروں، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ غبرگ، کلی غیبزئی اور کلی عبدالزئی کے درمیان واقع تاریخی عوامی راستے کو مزید تاخیر اور حیلے بہانوں کے بغیر فوری طور پر کھولا جائے۔ عوام کو بنیادی آمدورفت کے حق سے محروم رکھنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور علاقے کے مکینوں، بالخصوص طلباء، مریضوں، خواتین اور بزرگوں کو درپیش اذیت ناک مشکلات کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ عوامی مسائل کے حل میں مزید غفلت اور تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اغبرگ، کلی غیبزئی اور کلی عبدالزئی کے درمیان تاریخی عوامی راستہ فوری کھولا جائے، پشتونخوا نیپ

ٹیگز:
پشتونخوا نیپ
