کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان کے زیر اہتمام آئی ٹی یونیورسٹی کوئٹہ میں پانچ روزہ نیشنل ویمن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے آئی ہوئی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کانفرنس کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حبا فواد نے خواتین کے لیے اس قومی ورکشاپ کے انعقاد پر حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پورے پاکستان سے خواتین کو اس لیے مدعو کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں اور اس میں بلوچستان کی خواتین کو بھی بولنے اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آئیں۔حبا فواد نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے انہیں مواقع کی کمی کا سامنا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے کے دور دراز علاقوں کی خواتین کو بھی ایسے ایونٹس میں نمائندگی دی جائے تاکہ ان کے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی مسائل اجاگر ہو کر حل ہو سکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق خود بلوچستان سے ہے اور وہ یہاں آتی جاتی رہتی ہیں تاہم اب میڈیا پر ان کی آمد نظر آ رہی ہے، اور وہ اس حوالے سے کسی کو وضاحت دینے کی پابند نہیں ہیں۔ انہوں نے مینا مجید اور فرح عظیم شاہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر فورم پر بلوچستان کی خواتین کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ حبا فواد کا کہنا تھا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن بلوچستان کی آواز کوئی بھی بن سکتا ہے اور اگر انہیں موقع ملا تو وہ ضرور یہاں کی خواتین کی آواز بنیں گی، تاہم عملی سیاست میں آنے یا کسی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
موقع ملا تو بلوچستان کی خواتین کی آواز بنوں گی،حبا فواد

ٹیگز:
حبا فواد
