گوادر (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کے نتیجے میں گوادر کے لیے کراچی سے ہفتے میں مزید دو فضائی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی یہ نئی پروازیں 7 اگست سے باقاعدہ آغاز کریں گی، جس کے بعد کراچی سے گوادر کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا۔اس وقت کراچی سے گوادر صرف ایک پرواز دستیاب تھی، جس سے مقامی شہریوں، تاجر برادری، بندرگاہی عملے اور لاجسٹک سیکٹر کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ پروازوں میں اضافے کا مقصد گوادر کو تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کا ایک فعال مرکز بنانا ہے۔وفاقی وزیر جنید انور چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گوادر فری زونز اور بندرگاہی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے بہتر فضائی رسائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے کاروبار دوست وژن کے تحت گوادر کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نئی پروازوں کا آغاز اسی سلسلے کی اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فضائی سہولت میں بہتری سے گوادر میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے، مقامی و غیر ملکی تاجروں کے لیے رسائی آسان ہوگی، اور سی پیک سے جڑے ترقیاتی منصوبے بھی بروقت مکمل ہو سکیں گے۔گوادر پورٹ اور فری زونز کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کئی ٹھوس اقدامات جاری ہیں، جن میں فضائی، زمینی اور بحری رابطوں کی بہتری کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔
گوادر کے لیے کراچی سے مزید دو پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ، 7اگست سے آغاز ہوگا : محمد جنید انور چوہدری

ٹیگز:
گوادر
