اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گڈ گورننس اور نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث جاری رہنی چاہیے، صوبوں کے معاملے پر کسی کو بحث سے نہیں روکا جاسکتا، عوام چاہیں تو نئے صوبے بنائے جائیں اور اگر عوام نہیں چاہتے تو نہ بنائے جائیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی شدید الفاظ میں مخالفت کی اور کہا کہ اگر زور زبردستی سندھ کو تقسیم کریں گے تو کراچی کی سڑکوں پر کچرا نہیں خون بہے گا ، صوبے کی تقسیم کریں گے تو معاشرے میں تقسیم ہو گی۔
عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام اچھی اور بہترین حکمرانی چاہتے ہیں، گورننس کی بہتری پر بحث کو کیوں روکا جائے؟ ہم خود کو نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کرسکتے۔ گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کے ایجنڈے کا حصہ ہونا چاہئیں۔

