کوئٹہ:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ریٹائرڈ افسر مراد محمد مری کی دوبارہ تقرری اور تحصیلدار کچلاک کا چارج دیے جانے کے معاملے پر سوشل میڈیا اور عوامی سطح پر اٹھنے والے تحفظات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق وزیر اعلی نے اس معاملے میں اختیارات کے ممکنہ غلط استعمال اور قواعد و ضوابط سے انحراف کے پہلوں کا جائزہ لینے کے لیے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم (CMIT) کو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔مراد محمد مری کو تحصیلدار کچلاک کے ساتھ ساتھ سیٹلمنٹ آفس کوئٹہ کا اضافی چارج بھی دیا گیا تھا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعلی کی واضح ہدایت پر بورڈ آف ریونیو بلوچستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 29 جولائی 2025 کو جاری کردہ تقرری کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا ہے۔بورڈ آف ریونیو کے اعلامیے کے مطابق مذکورہ حکم نامہ کالعدم قرار دے کر تمام متعلقہ اداروں اور افسران کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں قانون، ضابطے، شفافیت اور احتساب کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے، اور کسی بھی خلاف ضابطہ اقدام یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعلی بلوچستان کا ریٹائرڈ افسر کی دوبارہ تقرری کا نوٹس، انکوائری کا حکم

