نوکنڈی: راجے روتک ایرانی کراسنگ پوائنٹ کی بندش کو دو ماہ گزر چکے ہیں تاہم تاحال اس اہم تجارتی راہداری کی بحالی کا معاملہ سرد خانے کی نذر ہے۔ اس سلسلے میں تیل کمیٹی، انٹری زمباد مالکان، ڈرائیورز، کنڈکٹرز، منڈی مالکان، سیاسی پینلز، تاجروں، مختلف سیاسی جماعتوں اور مکاتب فکر کی جانب سے ایک پرہجوم پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔مقررین نے کہا کہ ایرانی حکام نے ایران و اسرائیل کشیدگی کے دوران سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر راجے روتک گیٹ بند کیا تھا، لیکن اب جبکہ ایران میں حالات معمول پر آچکے ہیں، پھر بھی گیٹ کی بندش برقرار ہے جس سے علاقے کے آٹھ ہزار افراد کا معاشی پہیہ مکمل طور پر رک چکا ہے۔ تیل کی ترسیل بند ہے، اور گیٹ سے وابستہ ہزاروں خاندان فاقہ کشی کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ متبادل ذرائع معاش بھی ناپید ہیں۔انہوں نے کور کمانڈر، آئی جی ایف سی بلوچستان، ڈویژنل کمشنر رخشان اور ڈپٹی کمشنر چاغی سے مطالبہ کیا کہ وہ راجے روتک گیٹ کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کریں۔ مقررین نے کہا کہ اگر اس اہم مسئلے پر کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو چاغی کے دیگر علاقوں کی تیل کمیٹیوں اور کاروباری افراد سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ راجے گیٹ کی بحالی کے لیے سفارتی سطح پر ایرانی حکام سے رابطے کیے جائیں اور ڈپٹی کمشنر چاغی ایرانی مرزبان سے ملاقات کرکے فوری حل نکالیں۔
راجے روتک گیٹ دو ماہ سے بند، آٹھ ہزار خاندان فاقہ کشی کا شکار، بحالی کا مطالبہ

