کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پیش آنے والے انسانیت سوز قتل واقعے پر حکومت نے کسی مرحلے پر خاموشی یا چشم پوشی سے کام نہیں لیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ واقعے میں ملوث 20 میں سے 13 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں وہ شخص بھی شامل ہے جس نے مقتولہ کو گولی ماری، جو کہ لڑکی کا اپنا بھائی ہے۔شاہد رند کے مطابق، جرگہ منعقد کرنے اور قتل کا فیصلہ سنانے والا سردار شیر باز بھی حراست میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کیا جائے گا اور اس کیس میں کسی قسم کا سیاسی دبا قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مقتولین کی لاشوں کی برآمدگی کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔شاہد رند نے کہا کہ “سوشل میڈیا پر غلط بیانی اور گمراہ کن تاثر پھیلایا جا رہا تھا، جسے زائل کرنے کے لیے حکومت نے تمام دستیاب معلومات عوام کے سامنے رکھ دی ہیں۔” انہوں نے مزید واضح کیا کہ پاکستان کے آئین و قانون میں جرگہ کلچر کی کوئی گنجائش نہیں اور ایسے غیرقانونی فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں۔ترجمان نے کہا کہ حکومت کسی ملزم کو نہیں چھوڑے گی اور سب کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سزائیں دینا حکومت کا کام نہیں بلکہ عدالتوں کا اختیار ہے، تاہم حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے تک لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سردار شیر باز کو اس لیے ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا کیونکہ اس نے جرگے کی سربراہی کی تھی، حالانکہ اس کی ویڈیو میں براہ راست موجودگی نہیں تھی۔
قاتل گرفتار، فیصلہ دینے والا سردار بھی زیرِ حراست، جرگہ کلچر کی کوئی گنجائش نہیں، ملزمان کو انجام تک پہنچایا جائے گا، شاہد رند

