اوستہ محمد(ڈیلی گرین گوادر) جھل مگسی کے علاقے سیدالی میں فائرنگ کے تبادلے میں دو مشتبہ افرادقتل ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لیویز فورس اور پولیس نے گنداواہ سٹی تھانہ کی حدود میں ایک مشکوک کار کو روکنے کی کوشش کی، جس میں دو مرد اور دو خواتین سوار تھے۔ اہلکاروں کو دیکھ کر کار سوار گاڑی بھگا کر کچے کے علاقے میں فرار ہوئے اور سیدالی کے قریب ایک شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی، جس پر مقامی افراد اور مشتبہ افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے نتیجے میں دونوں مرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ پولیس اور لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال گنداواہ منتقل کر دیا، جبکہ کار میں موجود دونوں خواتین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایک ہلاک شخص کی شناخت جاوید احمد ولد محمد احمد، سکنہ گاجان تحصیل گنداواہ ضلع جھل مگسی، جبکہ دوسرے کی شناخت وسیم ولد عبدالعزیز، رہائشی ملتان کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات لیویز فورس کی جانب سے جاری ہیں، جبکہ حکام کی طرف سے تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
جھل مگسی ، مشکوک کار سواروں اور مقامی افراد میں فائرنگ، دو افراد قتل

ٹیگز:
جھل مگسی
