کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز اتحاد نے حکومت کے مجوزہ سکیورٹی پلان کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابلِ عمل قرار دے دیا ہے۔ اتحاد سے وابستہ تمام ٹرانسپورٹرز یونینز، ایسوسی ایشنز اور ایکشن کمیٹی کے رہنماں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی کے نام پر حکومتی اقدامات محض مذاق اور کاغذی کارروائی ہیں، جن کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مسافر بسوں میں سکیورٹی گارڈز، کیمرے، ٹریکرز اور پینک بٹن کی تنصیب نہ صرف ناقابل عمل ہے بلکہ ان سے مسافروں میں خوف و ہراس بڑھے گا اور لوگ بائی روڈ سفر سے گریز کریں گے۔ رہنماں نے واضح کیا کہ دو سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی سے درجنوں مسلح حملہ آوروں کا مقابلہ ممکن نہیں، جبکہ ان اقدامات سے ٹرانسپورٹ سیکٹر مزید تباہی کی طرف جائے گا۔رہنماں نے اس بات پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا کہ پنجاب جانے والی گاڑیوں کو دن 11 بجے کے بعد، جبکہ کوئٹہ، ژوب، لورالائی، تفتان، ڈیرہ غازی خان اور کراچی جانے والی بسوں کو شام 5 بجے کے بعد روکا جاتا ہے، جس کے باعث مسافروں کو پوری رات سڑکوں پر گاڑیوں میں گزارنی پڑتی ہے، جو مزید سکیورٹی خدشات کو جنم دے رہا ہے۔انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ نمائشی اقدامات کی بجائے حقیقی اور سنجیدہ سکیورٹی پلان مرتب کریں تاکہ امن و امان یقینی بنایا جا سکے اور ٹرانسپورٹ شعبے کو تباہی سے بچایا جا سکے۔
آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز اتحاد نے حکومتی سکیورٹی پلان مسترد کر دیا

