کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کی جانب سے اشتہارات کی سرکاری خریداری اتھارٹی کو منتقلی کے خلاف علامتی احتجاجی کیمپ مسلسل جاری ہے۔ احتجاجی کیمپ میں اخبارات، رسائل اور اخبار بازار سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد شریک ہے۔ شرکا نے حکومت بلوچستان کی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ صوبے کے تعلیم یافتہ طبقے کو روزگار فراہم کرنے والی اخباری صنعت کو دانستہ طور پر ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔شرکا نے کہا کہ ہزاروں افراد پر مشتمل اس صنعت کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں، اور حکومت کی جانب سے اشتہارات کی سرکاری خریداری اتھارٹی کو منتقلی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اس اقدام سے اشاعتی اداروں کے تمام شعبے متاثر ہوں گے اور صحافیوں، کارکنوں، اخبارات تقسیم کرنے والوں اور دیگر وابستہ طبقوں کا روزگار چھن جائے گا۔ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلی بلوچستان فوری طور پر اس ناانصافی پر مبنی مسودے کو مسترد کریں اور بلوچستان کے حقیقی پرنٹ ذرائع ابلاغ کی سرپرستی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد بلوچستان کے مفاد میں ہے اور یہ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اشتہارات کی منتقلی کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا۔اجلاس کے دوران وفات پانے والے معروف صحافیوں مقبول رانا اور روزنامہ میزان کے مدیر برکت علی کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا و فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ شرکا نے اللہ تعالی سے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اشتعاری پالیسی کو سرکاری خریداری اتھارٹی پر منتقل کرنے کو تسلیم نہیں کریں گے، ایکشن کمیٹی

