اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ قرآن کریم پر ایمان رکھنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کتاب کی تعلیمات خود اپنائیں اور دوسروں تک بھی پہنچائیں، محض قرآن پر ایمان کا دعویٰ اور اس کی دعوت کو آگے نہ بڑھانا بہت بڑی محرومی ہے۔ آج ہم قرآن کی بات کرتے ہوئے اس لیے جھجکتے ہیں کہ کہیں ہمیں دقیانوسی نہ سمجھا جائے، حالانکہ قرآن ہماری زندگیوں کی حقیقی رہنمائی اور کامیابی کا سرچشمہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ اس نعمت کی قدر کرنا اور اس کے پیغام کو عام کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پاک انٹرنیشنل بزنس فورم اور جماعت اسلامی کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ ’’میرا برانڈ پاکستان ایکسپو 2026‘‘ کے افتتاحی خطاب میں کیا۔ ایکسپو 21 اور 22 نومبر کو ٹیولپ مارکی، کلب روڈ اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں خواتین کے کاروباری برانڈز، پاکستانی مصنوعات، نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں اور قرآن کریم سے تعلق کے فروغ کے لیے خصوصی سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اس کی سلامتی اور بقا کے لیے قربانیاں دی ہیں، اسی جذبے کے تحت پاکستانی مصنوعات اور خواتین کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے یہ بازار سجایا ہے۔ پروڈیوسر اور کنزیومر کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنا ہماری کوشش ہے تاکہ کاروباری خواتین کو ان کی محنت کا بہتر معاوضہ ملے اور صارفین کو معیاری مصنوعات مناسب قیمت پر دستیاب ہوں۔ خواتین کی معاشی خودمختاری قومی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے باعزت روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوان خواتین اگر کاروبار کے میدان میں قدم رکھیں تو انہیں امانت، دیانت اور صداقت کو اپنی بنیادی اقدار بنانا چاہیے۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق دیانت دار تاجر بلند مقام کا حامل ہے، لہٰذا کاروبار صرف منافع کا ذریعہ نہیں بلکہ اخلاقی ذمہ داری اور خدمت کا میدان بھی ہونا چاہیے۔ جو کچھ دکھایا جائے وہی خریدار کو فراہم کیا جائے، اعتماد اور سچائی کاروبار کی اصل بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’میرا برانڈ پاکستان ایکسپو‘‘ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، کاروباری شناخت بنانے، مصنوعات کی تشہیر اور نئے مواقع حاصل کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ یہاں خواتین کو کاروبار کی ترقی، مارکیٹنگ اور اپنے برانڈ کو آگے بڑھانے کے حوالے سے رہنمائی بھی دی جائے گی۔ خواتین اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت دینا اور انہیں خوداعتماد بنانا معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ایکسپو میں خصوصی خدیجۃ الکبریٰ انٹرپرینیورز پویلین کے تحت خواتین کے مختلف کاروباری برانڈز کی نمائش، ’’ہر دل تک قرآن‘‘ پروگرام کے ذریعے قرآن کریم سے قلبی و عملی تعلق کی دعوت اور ’’لیڈرز ایرینا‘‘ کے تحت نوجوانوں، طالبات اور تعلیمی اداروں کے لیے قائدانہ و تربیتی سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے خواتین، نوجوانوں، کاروباری افراد اور خاندانوں کو ایکسپو میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی حوصلہ افزائی، خواتین کی معاشی خودمختاری اور قرآن کی تعلیمات کو زندگی کا حصہ بنانا ایک مضبوط، خوددار اور باوقار پاکستان کی تعمیر کے لیے اہم اقدامات ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری عفت سجاد اور عائشہ سید بھی موجود تھیں ۔

