کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ سے پنجاب جانے والی مسافر بسوں سے 10 مسافروں کے اغوا اور ان میں سے 9 مسافروں کی لاشیں برآمد ہونے کے دلخراش واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ صوبے میں حکومتی رٹ کے مکمل خاتمے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔پارٹی نے کہا ہے کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کی گئی حکومت کے صرف مذمتی بیانات متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتے، جب تک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عدالت کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔بیان میں گزشتہ روز میختر کے مقام پر سینکڑوں سبزی و میوہ جات سے لدے ٹرکوں کو روکنے اور سڑکوں پر بدامنی پھیلانے کے عمل کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔پشتونخواملی عوامی پارٹی نے کہا کہ اگر کسی تنظیم پر الزام لگایا جاتا ہے تو حکومت کو اس حوالے سے وضاحت دینی چاہیے، محض الزامات سے کام نہیں چلے گا۔ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت اور اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے، جسے محض بیانات سے پورا نہیں کیا جا سکتا۔پارٹی نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور دعائے مغفرت کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ایسے المناک واقعات کا سدباب ہو سکے۔
دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت اور اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے،محض بیانات سے پورا نہیں کیا جا سکتا،پشتونخوامیپ

