خضدار(یو این اے )تحصیل نال بازار میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب چوری کی بڑی واردات کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ چوروں نے دکانوں کی شٹرز توڑ کر لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان چرا لیا، جس پر تاجروں اور شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نال بازار میں مکمل شٹرڈان ہڑتال کی اور سی پیک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔احتجاج کے باعث علاقے میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ چوروں کو فوری گرفتار کر کے تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل نال بازار میں ایک پرائیویٹ سلاح بند چوکیدار تعینات کیا گیا تھا، جس سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں کمی آئی تھی، تاہم حالیہ واردات نے تاجروں کو ایک بار پھر تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کے بعد یقین دہانی پر شٹرڈان ہڑتال اور سی پیک روڈ کی بندش کو وقتی طور پر ختم کر دیا گیا۔ تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر چوروں کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
نال بازار میں بڑی چوری، تاجروں نےاحتجاجاَسی پیک شاہراہ بندکر دی

