کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدہ صورتحال کے باعث ایران میں پھنسے پاکستانی باشندوں کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں مزید 419 پاکستانی شہری پاک ایران تفتان بارڈر کے راستے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئے ہیں شہریوں کو اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق واپس آنے والوں میں 303 سیاح اور 116 طلبا شامل ہیں، جنہیں سخت سیکیورٹی کے حصار میں تفتان بارڈر سے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ حکومتی اداروں کی جانب سے وطن واپس آنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں ابتدائی میڈیکل چیک اپ، رہائش اور خوراک کی سہولیات شامل ہیں۔حکام کے مطابق ایران میں موجود دیگر پاکستانیوں کی بھی واپسی کا عمل جاری ہے اور جلد ہی مزید کافلے بھی کوئٹہ پہنچیں گے۔ سیکیورٹی اور انتظامی ادارے اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ تمام پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے وطن واپس لایا جا سکے۔واضح رہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث ایران میں موجود پاکستانیوں کو فوری طور پر واپسی کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے مربوط اقدامات کا آغاز کر رکھا ہے۔ عوامی سطح پر واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے اور حکومت کے بروقت اقدامات کو سراہا گیا ہے۔
ایران سے پاکستانی شہریوں کی واپسی جاری، مزید 419افراد کوئٹہ پہنچ گئے

