کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ایڈیٹرز فورم نے مقامی اخبارات و جرائد کے اشتہاراتی بجٹ پر ممکنہ کٹوتی کی مخالفت کرتے ہوئے اسے صوبائی پریس کو ختم کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ بلوچستان ایڈیٹر زفورم نے اپنے جاری کردہ بیان میں واضح کیا ہے کہ ایسی کسی بھی پالیسی کو قبول نہیں کیا جائے گا جس میں اکثریتی اسٹیک ہولڈرز کی رائے شامل نہ ہو۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر اشتہاراتی بجٹ میں کٹوتی کی کوشش کی گئی تو اس سے نہ صرف حکومت بلوچستان اور پریس کے تعلقات متاثر ہوں گے بلکہ صوبے کی واحد صنعت سے وابستہ ہزاروں افراد براہ راست بیروزگار ہو جائیں گے۔ فیصلہ سازی سے قبل بلوچستان کے مقامی سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
فورم نے مزید کہا ہے کہ ایک جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی دلچسپی سے اشتہاراتی بجٹ میں اضافہ کیا گیا ، جس سے مقامی پریس کو تقویت ملی، اور دوسری جانب بعض عناصر کی جانب سے اس صنعت پر قدغن لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو قابل افسوس اور تشویشناک ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی پریس نے ہمیشہ مثبت حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے بلوچستان ایڈیٹرز فورم نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پرنٹ میڈیا سے متعلق ہونے والے فیصلوں میں مقامی اخبارات و جرائدکے حقیقی تنظیموں کو نمائندگی دی جائے تاکہ مقامی پریس مزید موثر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکے ،
فورم نے مزید کہا ہے بلوچستان کے اشتہاراتی بجٹ اور فیصلہ سازی سے قبل سب سے اول حق مقامی اخباری صنعت کا ہے بلوچستان ایڈیٹرز فورم نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ صوبے کی واحد میڈیا صنعت سے وابستہ مقامی اکثریت رکھنے والی حقیقی تنظیموں کو نظر انداز کرنے والی پالیسی کا نوٹس لیں۔دریں اثناءبلوچستان ایڈیٹرز فورم کا ایگزیکٹو اجلاس کل بروز جمعرات منعقد ہوگا، جس میں موجودہ صورتحال، آئندہ کے لائحہ عمل، مدیران، صحافتی تنظیموں اور پریس کلب کے نمائندگان کے ساتھ مشاورت اور مشترکہ پلیٹ فارم کی تشکیل پر غور کیا جائے گا۔

