کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ نجی ائیر لائن فلائی جناح کا مسافروں کے ساتھ رویہ انتہائی غیر پیشہ ورانہ ہے کئی گھنٹے انتظار کروانے کے بعد نہ صرف پرواز منسوخ کی گئی بلکہ مسافروں کو متبادل فلائٹ بھی فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جمعرات کو نجی ائیر لائن فلائی جناح کی کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز نے صبح ساڑھے دس بجے کوئٹہ کے لئے روانہ ہونا تھا تاہم مسافروں کو تکنیکی خرابی کے نام پر چار بجے تک ائیر پورٹ پر انتظار کروانے کے بعد پرواز منسوخ کردی گئی۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کے لیے متبادل فلائٹ کا بھی انتظام نہیں کیا جارہا ہے مسافروں کو کہا جارہا ہے کہ اپنے اپنے گھر چلے جائیں اور آج کی شیڈول فلائٹ آل ریڈی مکمل فل ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست اور اس کے ادارے خاموش ہیں فلائی جناح کی انتظامیہ سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے کہ ان مسافروں کے لیے جہاز کا انتظام کریں فلائی جناح کی ان زیادتیوں کے خلاف سینیٹ آف پاکستان میں بھر پور آواز اٹھائیں گے۔
نجی ائیر لائن فلائی جناح کا مسافروں کے ساتھ رویہ انتہائی غیر پیشہ ورانہ ہے،سینیٹر جان محمد بلیدی

ٹیگز:
سینیٹر جان محمد بلیدی
