کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان جناب نعمان اسلم نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعدنیب سب آفس چمن کا پہلا دورہ کیا اور سب آفس کے قیام، پیشہ ورانہ امور و دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سب آفس چمن کے آفیسر انچارج کی جانب سے ڈی جی نیب بلوچستان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر سب آفس کی مجموعی کارکردگی کو سراہا گیا۔ چمن میں چلائی جانے والی بدعنوانی کے خلاف آگاہی مہم کی پزیرائی کی گئی جس کا بنیادی مقصد بدعنوانی کے خلاف سماجی رویوں کو نا پسندیدگی سے نفرت میں تبدیل کرنا ہے۔ چمن میں سب آفس قیام چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے جس کا مقصد عوام کو بدعنوانی کے خلاف شکایات درج کرانے کے لیے آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔نیب کا یہ اقدام بدعنوانی کی لعنت سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے چیئرمین نیب کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔دورے کے دوران ڈی جی نیب بلوچستان کو ڈپٹی کمشنر چمن، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر حکام و دیگر محکموں کی جانب سے بھی بریفینگ دی گئی اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے کہا کہ چیئرمین نیب نے چمن میں احتساب کا مربوط نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بدعنوانی کی روک تھام، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، پبلک سیکٹر کے منصوبوں میں شفافیت کو بڑھانے اور جوابدہی کے کلچر کو فروغ دینے میں چمن سب آفس کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ چمن ایک ڈرائی پورٹ سٹی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اہم کاروباری مرکز بھی ہے جو پاکستان کو افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں سے ملاتا ہے اور مستقبل میں ایک بڑے تجارتی مرکز بننے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے، تاہم بدعنوانی اس کامیابی کے سفر میں ایک بنیادی رکاوٹ ہے۔ چمن میں مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لی یمعاملات میں شفافیت کے فروغ اور اچھی حکمرانی کے مقاصد کے حصول کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ڈی جی نیب بلوچستان نے معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف نیب کی جانب سے شروع کی گئی آگاہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر بدعنوانی کی اس لعنت کی سرکوبی میں ادارے کا ساتھ دیں۔
چمن میں سب آفس کا قیام عوام کو آسان رسائی فراہم کرنا ہے،ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان

