کوئٹہ(ڈیلی گرین گادر)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ غزالا گولا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال کی چیئرپرسن محترمہ عائشہ رضا فاروق نے شرکت کی اجلاس میں کم عمری کی شادی کے مسئلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اراکین اسمبلی محترمہ ہادیہ نواز بہرانی، محترمہ کلثوم نیاز بلوچ اور مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس دوران بلوچستان میں بچوں کی شادی کی روک تھام کے لیے پیش کیے گئے بل کے مسودے پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں شادی کی کم از کم عمر کی وضاحت، سزا کی دفعات اور جنس کے مطابق تحفظات کے نکات پر بحث کی گئی۔محترمہ غزالا گولا نے اس موقع پر کہا کہ کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے قانون سازی میں تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت ضروری ہے تاکہ بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ چیئرپرسن NCRC محترمہ عائشہ رضا فاروق نے اس بات پر زور دیا کہ اس بل کا مقصد بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکا نے اس مسئلے کے حل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
کم عمری کی شادی کے روک تھام کیلئے قانون سازی میں تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت ضروری ہے،غزالہ گولہ

ٹیگز:
غزالہ گولہ
