کوئٹہ+ژوب (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری NA-251اور NA-262کوئٹہ Iسے پارٹی کے نامزد امیدوار نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ پشتونوں کی شناخت کومسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پشتون اپنی تاریخی سرزمین پر آبادہیں اور اپنی زبان، ثقافت اور پرافتخار تاریخ رکھتے ہیں، دنیا کو پشتونوں کا جو چہرہ دکھایا جارہا ہے یہ حقائق کے برخلاف ہے کیونکہ پشتون دہشتگر د نہیں بلکہ خود دہشتگردی کی جنگ سے متاثر ہوئے ہیں، پشتونوں کو کاروبار، تجارت کیلئے نہیں چھوڑا جارہا، چمن پرلت میں ہزاروں لوگ اپنے مطالبات کیلئے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں لیکن حکومت انہیں حل کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ملک کے دیگرشہروں میں بھی پشتون عوام کو تجارت، کاروبار، محنت مزدوری سے بیدخل کرکے اپنے علاقوں میں بھیجا جارہا ہے، اس طرح کی امتیازی سلوک سے نفرتیں جنم لیتی ہیں جو کسی صورت نیک شگون نہیں۔ پشتونوں کو قدرت نے بیش بہا وسائل معدنیات کی سرزمین، پہاڑوں، دریاؤں سے نوازا ہے،لیکن پشتون اپنے ان وسائل پر حق حاکمیت، حق ملکیت سے محروم ہیں، اپنے وسائل پر قابض لوگوں سے ملکی ایوانوں میں حساب لیں گے، ووٹ کی پرچی اہمیت کی حامل ہے، عوام اپنے ووٹ سے بہترین نمائندوں کا انتخاب کرسکتے ہیں یہ موقع انہیں پانچ سال میں ایک بار ملتا ہے، پشتونخوامیپ کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کیلئے ”درخت“ کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔ سینٹ کو قومی اسمبلی کے برابر اختیار دینے ہونگے،2018کے انتخابات میں عوام کے حقیقی نمائندوں کو اسمبلی سے دور رکھا گیا اور ان لوگوں کا انتخاب کیا گیا جو چپ سادھ کا روزہ رکھے ہوئے تھے۔ پشتونخوامیپ اپنے عوام کے حقوق پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گی جو حق ہمارے عوام کا ہے اس کے حصول کیلئے بھرپور آواز بلند کرینگے۔ پشتون قوم نے اپنی حالت بدلنے کیلئے پہلے خود کو بدلنا ہوگا، پشتونخوامیپ کے پلیٹ فارم پر متحدہ ومنظم ہوکر جاری جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، منظم تنظیم وسیاسی لشکر، قوت کے ذریعے ہی ہم اپنے قومی اہداف کے حصول کی منزل طے کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں بروری علاقائی یونٹ کے انتخابی دفتر کے افتتاحی تقریب،حاجی پاخیڑ خان خروٹی کی رہائش گاہ پر اولسی جرگے جس میں 200سے زائد افراد کی پارٹی میں شمولیت، خیزئی علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام ملک سید میر خروٹی کی رہائش گاہ پر اولسی جرگے،غازی امان اللہ خان علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام اولسی جرگے جس میں عبیداللہ جلالزئی کی قیادت میں 30افراد کی پارٹی میں شمولیت، خروٹ آباد دوئم علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام مرحوم حاجی شالاباغ آکا کی رہائش گاہ پر حاجی دولت خان آکا، حاجی جانان آکا،تور خان خروٹی کی جانب سے اولسی جرگے، احمد شاہ بابا علاقائی یونٹ پشتون باغ کے زیر اہتمام حاجی کرم کاکڑ کی رہائش گاہ پر اولسی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان اجتماعات سے پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، صوبائی سینئر نائب صدر ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، پی بی40کے نامزد امیدوار اختر خروٹی دیگر رہنماؤں اختر لونی، نعیم پیر علیزئی، ملک فرحان یاسین زئی، ملک سید میر خروٹی، ملک مقبول بلوچ، عبید اللہ جلالزئی ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔ جبکہNA-251 ضلع ژوب کے کلی ولمہ غونڈی میں عوامی اجتماع نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتون پر امن، انسانیت پسند، مہمان نواز، بہادر قوم ہے اور ہزاروں سالہ شاندار تاریخ رکھتی ہے،آج سوشل میڈیا، ٹی وی ڈراموں، فلموں میں پشتونوں کی زبان، ثقافت کا مذاق اڑایا جارہے ہے انہیں دہشتگرد، ظالم، جابر، وحشی کے طور پر دنیا کے سامنے دکھایا جارہا ہے جو کہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ پشتونوں کی اصل تاریخ، انکی بہادری، سینکڑوں سالہ حکمرانی، مہمان نوازی، دیگر تاریخی کارنامے، داستانیں بیان کرنے،دکھانے کی بجائے حقائق کے برخلاف چہرہ دکھانے کا مقصد نفرتوں کو پھیلانا اور پشتونوں کی تاریخ کو مسخ کرنے کے مترادف ہیں۔ افغانستان میں طویل چالیس سالہ جنگ جس میں ایٹم بم کے علاوہ تمام اسلحہ، وباری مواد استعمال کیا گیا لیکن افغان عوام نے اپنے وطن کا بہادری کے ساتھ دفاع کیا۔ مقررین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بیش بہا نعمتوں سے نوازا ہے، پہاڑ، پانی، دریاء، جنگلات، معدنیات عطاکیئے ہیں، چلغوزے کے جنگلات دیئے ہیں لیکن ہم ان تمام نعمتوں سے اس لیئے محروم ہیں کہ ہم ایک غلام قوم کی حیثیت سے رہ رہے ہیں اوران نعمتوں پر بالادست لوگ قابض ہیں اوران سے مستفید ہورہے ہیں۔ ہمارے وطن کی زراعت تباہی سے دوچار ہیں لیکن ملک کے دیگر صوبے ہماری ہی پانی، دریاء سے آباد ہیں اور ان کے فصلات،کاشتکاری کے نتیجے میں نہ صرف وہاں کے عوام بلکہ دنیا کو بھی اس کی برآمدات جاری ہیں۔ جبکہ ہمارے زمینداروں، کسانوں کی پورے سال کی محنت کے نتیجے کے بعد تیار ہونیوالی فصلات، سبزیاں، پھیل ومیوہ جات کی قیمتیں بھی ہم خود طے نہیں کرسکتے اور انہیں اتنے سستے داموں میں خریدا جاتا ہے کہ بمشکل زمینداروں کے اخراجات پورے ہوسکیں۔ اسی طرح معدنیات سے بھرے پہاڑ اگر صرف کوئلے کی آمدنی پشتون قوم کی دی جائے تو ہمارے شاید تمام مسائل حل ہوجائینگے۔ لیکن ایسا نہیں ہوسکتا کیوں کہ بالادست قوتیں ہمیں صرف غلام قوم کی حیثیت سے رکھنا چاہتی ہیں ہمارے بہادر، باصلاحیت، باہمت نوجوانوں کو صرف محنت مزدوری کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور انہیں اب ملک بھر سے بیدخل کرنے اپنے وسائل پر مالک بنانے کی بجائے وہاں مزدوری کیلئے بھیج رہے ہیں۔ ہماے باپ داد نے انگریزوں کیخلاف جنگیں لڑیں لیکن آج ہم اپنے ہی وسائل سے محروم جبکہ ہمارے پہاڑوں پر الاٹمنٹ کے ذریعے لوگ قابض ہوئے ہیں۔ بلوچ قوم کے ساتھ بھی یہی کچھ ہورہا ہے ان کے سرزمین کو میدان جنگ بناکر وہاں کے اربوں کھربوں کے معدنیات پر قابض ہونے کی کوششیں جارہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پشتون قوم جو ہندوستان پر حکمرانی کرتے تھے اس قوم کو آج دہشتگرد سے منسوب کیا جارہا ہے۔ہندوستانی قانون کے مطابق پاکستانیوں کو وہاں کے شہروں میں آنے جانے کیلئے وہاں کے متعلقہ پولیس تھانے کو اطلاع کرنی ہوتی ہے وہی صورتحال آج کل پاکستان میں پشتونوں کو درپیش ہے پنجاب میں پشتونوں کو پولیس تھانے کو رپورٹ اطلاع دینی پڑیگی۔ یہ کیسا سلوک کیا جارہا ہے پشتونوں کے ساتھ ایک جانب نادرا شناختی دینے میں نارواشرائط رکھ کر انہیں شناختی سے محروم کرتی ہے، دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں انہیں کاروبار، تجارت، روزگار، محنت مزدوری سے محروم کرنے، ان کے مارکیٹوں، گوداموں میں چھاپے مارکر لاکھوں کرڑوں کے اشیاء، مال کو ضبط کیا جاتا ہے، ان سے رشوتیں لیں جاتی ہیں تھانے، جیل میں بند کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں اور منشیات، جرائم، دہشتگردی کے مقدمات میں نامزد کرنے کی دھونس دھمکیاں دی جاتی ہیں ان تمام ناروا اقدامات کا کیا مقصد ہوسکتا ہے اور انہیں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے گھروں، علاقوں کو چلیں جائیں۔ آج بھی کراچی جیسے شہر کا 60فیصد کچرہ پشتون بچے اٹھاتے ہیں یہ خود سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے۔ جو قوم سینکڑوں سال بادشاہت کرتی رہی اور اس کی حکمرانی اور انصاف کی مثالیں موجود ہیں کیا اس قوم کے بچوں کی حیثیت اب کچرہ اٹھانے کی رہ گئی، یہ غلام قوم کے نشاندہی ہوتی ہے جو قوم اپنے حالات بدلنے کیلئے خود حرکت نہیں کرتی ایسے قوم کاخدا تعالیٰ بھی ساتھ نہیں دیتا۔ مقررین نے کہا کہ دنیا میں سینٹ (ایوان بالا) بنایا گیا جس میں قوموں کی برابری کی بنیاد پر نمائندگی موجود ہوگی اور انصاف قائم رکھا جائیگا لیکن ہمارے ملک میں اس ایوان بالا میں نہ ہی برابری کی بنیاد پر نمائندگی کا حق حاصل ہے اور نہ ہی یہاں انصاف کی مثالیں موجود ہیں بلکہ ایوان بالا کو اختیارات سے محروم رکھا گیا ہے پشتونخوامیپ یہ کہتی ہے کہ ایوان بالا سینٹ کو قومی اسمبلی کے برابر اختیارات دیئے جائیں۔ مقررین نے کہا کہ 8فروری 2024کے انتخابات میں عوام نے اپنے حقیقی نمائندوں کاانتخاب کرنا ہوگا وہ نمائندے جو عوام کے حق کیلئے آواز بلند کرسکے ملکی ایوانوں میں توانا آواز بن کر اپنے قوم کے وسائل پر قابضین کی نشاندہی او ر ان سے حساب لے سکیں ایسا لوگوں کا انتخاب نہ کر ے جو آج آپ ووٹ کو خریدنے میں سرگرم ہیں یہ لوگ پھر پانچ سال تک آپ کو کوئی جوابدہ نہیں ہونگے اور آپ ہی پر احسان کرینگے کہ میں ووٹ سے نہیں بلکہ پیسوں سے اسمبلی پہنچا ہوں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی تمام عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ 8فروری کو پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کیلئے پارٹی کے انتخابی نشان ”درخت“ پر اپنا مہر لگائیں۔
پشتونوں کی شناخت کومسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،نواب ایاز خان جوگیز ئی

ٹیگز:
نواب ایاز خان جوگیز ئی
