کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی صدر و سابق صوبائی وزیر غزالہ گولہ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیراہتمام 30نومبر کو یوم تاسیس کے حوالے سے کوئٹہ میں جلسہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا، 8فروری کا دن پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا پارٹی کے جیالے کوئٹہ میں ہونے والے جلسے اورعام انتخابات کی بھر پورتیاریاں کریں۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنی رہائشگاہ پر 30نومبر کو کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے خواتین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے کوئٹہ میں جلسہ عام کا اعلان کیا ہے جلسے میں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر سے پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے شرکت کریں گے یہ جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا انشاء اللہ سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے جلسے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات محنت کریں اور جلسے میں خواتین کی زیادہ سے ذیادہ شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والاوقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے اور 8فروری 2025ء کاسورج پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا اور پارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں کامیابی حاصل کریگی حکومتیں بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اورخواتین 30نومبرکو کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کو کامیاب بنانے اور پارٹی کے پیغام کوگھر گھر پہنچانے کیلئے اپنی جدوجہدتیز کریں۔
پیپلز پارٹی کے زیراہتمام 30نومبر کو یوم تاسیس کے حوالے سے کوئٹہ میں جلسہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا،غزالہ گولہ

ٹیگز:
غزالہ گولہ
