کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) نگران صوبائی وزیر برائے کھیل، امور نوجوانان و ثقافت نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس اسحاق جمالی کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، ڈی سی کوئٹہ سعد بن اسد، ڈی جی کھیل درا بلوچ اور ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کے نمائندے نے شرکت کی اجلاس میں کوئٹہ میں جاری نوابزادہ شہید سراج ریسانی سپورٹس فیسٹیول کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات سمیت ایوب اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا- ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بلوچستان درا بلوچ نے اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی اور محکمہ سپورٹس کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا -نگران صوبائی وزیر نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے اس قسم کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر ہم بلوچستان کا ایک اچھا امیج اجاگر کر سکتے ہیں اور دنیا کو امن اور بھائی چارے کا پیغام دے سکتے ہیں صحت مند تفریحات قوموں کی ترقی و ذہنی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہے فیسٹیول میں خواتین کھلاڑیوں سمیت سینکڑوں کھلاڑیوں کی شرکت اس امر کا ثبوت ہے کہ بلوچستان ہر قسم کے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ایک محفوظ مقام ہے۔ انہوں نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی درخواست کی۔ کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو یقین دلایا کہ وہ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور ایوب اسٹیڈیم کی ضروری تعمیر مرمت کے لئے بھی بھرپور تعاون کریں گے۔
بلوچستان میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے، نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی

