ژوب، سراج الحق کی گاڑی پر خود کش حملہ، سراج الحق معجزانہ طور پر محفوظ رہے،حملہ آور ہلاک، 5 افراد زخمی
ژوب(ڈیلی گرین گوادر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی گاڑی پر ژوب میں خود کش حملہ،،سراج الحق معجزانہ طور پر محفوظ رہے،حملہ آور ہلاک جبکہ 5افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق جمعہ کو جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق جلسہ عام سے خطاب کرنے کے لئے بلوچستان کے علاقے ژوب پہنچے تو ژوب میں نیو اڈہ کے مقام پر سراج الحق کی گاڑی کے قریب ایک خود کش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑالیا تاہم خود کش جیکٹ مکمل نہ پھٹنے کی وجہ سے حملہ آور موقع پر ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں سراج الحق مکمل طور پر محفوظ رہے واقعہ کے بعد انہیں پولیس لائن ژوب منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے ژوب کے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر نے کے بعد واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملے کے وقت کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔جماعت اسلامی کے صوبائی میڈیا سیل کی جانب سے فراہم کی گئی ڈرون کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے سراج الحق سفید رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سوار ہو کر جارہے ہیں کہ اچانک انکی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوتا ہے۔فوٹیج میں ہلاک ہونے والے حملہ آور کو بھی جائے وقوعہ پر دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دھماکے کے بعد زخمی کارکن خوف کے مارے سڑک کنارے پناہ لے لیتے ہیں تاہم جماعت اسلامی امیر سراج الحق کی گاڑی جائے وقوعہ پر ہی موجود رہتی ہے۔